مریم نواز کی تقریریں ان کی مایوسی اور غصے کا ثبوت ہیں، مہنگائی اور نواز لیگ جڑواں بہنیں ہیں،ٹوئٹ
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کہہ رہے ہیں ہم سندھ سے سینیٹ کی 10 نشستیں جیتیں گے ظاہر ہے یہ صرف تب ممکن ہے جب آپ دوسری جماعتوں کے ممبران خریدیں، یہ ہی وہ روایات ہیں جن کو جاری رکھنے کیلئے پیپلز پارٹی اوپن ووٹنگ کی مخالفت کرتی ہے اور خفیہ ووٹنگ پر زور دیتی ہے، سپریم کورٹ اس بیان کو اپنے ریکارڈ کاحصہ بنائے۔ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے اتوار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ جبکہ فواد چوہدری کا مریم نواز شریف کی ڈسکہ میں تقریرپر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مریم نواز کی تقریریں ان کی مایوسی اور غصے کا ثبوت ہیں، ان کو سمجھ نہیں آرہا کہ کیا کریں کہ آسمان گر پڑے اور زمین پھٹ جائے، بی بی حوصلہ سیکھیں ابھی چھ ماہ بعد تحصیل کے الیکشن ہونے ہیں کوشش کر کے دیکھیں گھوڑا بھی حاضر اور میدان بھی۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور نواز لیگ جڑواں بہنیں ہیں آج بجلی مہنگی کرنی پڑتی ہے تو اس لئے کہ آپ لوگوں نے کمیشن کیلئے مہنگے بجلی گھر لگائے،نواز شریف وزیر اعظم بنے 167 ارب روپے سالانہ کیپسٹی پیمنٹ تھی 5 سالوں میں 867 ارب ہو گئی ،گیس کے نظام پر ایک روپیہ سرکولر قرضہ نہیں تھا آپ 157 ارب کے قرض میں ڈبو گئے۔ مریم کی گفتگو پر حیرت ہوتی ہے تین دھائیاں آپ کا خاندان اقتدار میں رہا آپ بتائیں آپ کیا ایسا کریں گی جو آپ تین دھائیوں میں نہیں کر سکے؟ آپ لانگ مارچ، شارٹ مارچ یا خالی واک کریں حکومت کی صحت پر فرق نہیں پڑنے والا، مدرسے کے بچوں کے بل پر سیاست کرنیوالے کیا سیاست کریں گے۔