وزراء کے بیانات میں تلخی اب بھی موجود ہے ، ان کا تلخ رویہ ہمارے لیے مشکلات پیدا کرہاہے، نوازشریف کو چاہیے کہ وہ اپنے وزراء کو سخت بیان بازی سے روکیں اور انہیں نرم الفاظ میں اپنی بات کرنی چاہیے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی پارلیمانی جرگہ کی تحریک انصاف سے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو اسلام آباد (آئی این پی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ مذاکرات میں ہر لمحہ نئی کامیابیاں مل رہی ہیں ۔ دونوں طرف معاملات کا حل نکالنے کے لیے ایک عزم موجود ہے اور فریقین کا رویہ کافی حد تک مثبت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ مشکلات اور راستے میں سپیڈ بریکر ہیں مگر ہم نے دونوں فریقوں کو ہاتھ پکڑ کر ایک دوسرے کے قریب کیاہے اور 70فیصد معاملات حل ہو چکے ہیں ۔ اب اس لمحہ کا انتظار ہے جب بحران مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔انہوں نے کہاکہ وزراء کے بیانات میں تلخی اب بھی موجود ہے ۔ ان کا تلخ رویہ ہمارے لیے مشکلات پیدا کرہاہے ۔ نوازشریف کو چاہیے کہ وہ اپنے وزراء کو سخت بیان بازی سے روکیں اور انہیں نرم الفاظ میں اپنی بات کرنی چاہیے ۔وہ بدھ کو اپنی قیادت میں پارلیمانی جرگہ کی تحریک انصاف کی قیادت سے مذاکرات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے ۔ مذاکرات میں شاہ محمود قریشی ، عارف علوی ، پرویز خٹک اور اسد قیصر شامل تھے ۔سراج الحق نے کہاکہ جگہ جگہ پی ٹی آئی اور پی اے ٹی کے کارکنوں کی گرفتاریوں کی وجہ سے بھی مذاکرات کو آگے بڑھانے میں مشکلات پیش آرہی ہیں ۔ حکومت کو نہ صرف گرفتاریاں بند کردینی چاہئیں بلکہ پہلے سے گرفتار کیے گئے سیاسی کارکنوں کو بھی کھلے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے رہا کردیناچاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ اندھیرا اور مایوسی ختم ہو چکی ہے اور امید کی شمع روشن ہے ۔ فریقین جمہوریت ، آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں ۔ وہ وقت جلد آنے والا ہے جب قوم کو اس بحران سے نجات کی خوشخبری ملے گی ۔ اس موقع پر رحمن ملک ، شاہ محمود قریشی اور جی جی جمال نے بھی میڈیا سے گفتگو کی ۔قبل ازیں مذاکراتی جرگہ نے پاکستان عوامی تحریک کی قیادت سے مذاکرات کیے ۔ مذاکرات کے بعد عوامی تحریک کے صدر رحیق عباسی کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہاکہ موجودہ صورتحال کے باعث پوری قوم فکر مند ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم حکومت کی طرف سے نہیں عوام کی طرف سے مذاکرات کیلئے آئے ہیں۔پوری قوم موجودہ بحران سے پریشان ہے۔جب تک مسئلہ کا حل نہیں نکلے گا مذاکرات جاری رہیں گے۔ سینیٹر رحمن ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سراج الحق مسئلے کو حل کرنے کے لیے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ہمیں امید ہے بہت جلد فریقین کسی ایک حل پر متفق ہو جائیں گے اور ہم جلد قوم کو خوشخبری سنا سکیں گے۔