کراچی (ویب ڈیسک)
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ صوبے بھر کے تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلیں رہیں گے۔ اس وقت سندھ میں کورونا وائرس کی صورتحال کنٹرول میں ہے تاہم اگر ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ این سی او سی کے تعلیم کے حوالے سے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ اس سال کسی بھی درجے میں بغیر امتحانات کسی کو پرموٹ نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز این سی او سی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتاتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن خراب ہوتی جارہی ہے اور اس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب اور کے پی کے میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور اس صورتحال کے پیش نظر ملک کے کچھ اضلاع میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الحمداللہ سندھ میں کرونا وائرس کی صورتحال کنٹرول میں ہے اور یہاں پر پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مقابلے مریضوں کی تعداد میں کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ سندھ بھر کے تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلیں رکھیں جائیں گے البتہ ایس او پیز کے تحت صرف 50 فیصد ہی بچوں کو بلایا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کے پابند ہوں گے اور اگر کسی بھی تعلیمی ادارے میں خدانخواستہ کرونا وائرس کا کوئی کیس سامنے آتا ہے تو اس اسکول یا کالج کو بند کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی تعلیمی ادارہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرے گا تو نہ صرف اس کو بند کیا جائے گا بلکہ اس کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔ صوبے میں امتحانات کے شیڈول کے حوالے سے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے بتایا کہ سندھ میں محکمہ تعلیم کی اسٹئیرنگ کمیٹی کے فیصلے اور شیڈول کے مطابق تمام امتحانات مقررہ وقت پر ہی ہوں گے۔