دوست تھے، دشمنی کی طرف کیوں دھکیلا جا رہا ہے،جہانگیر ترین
عمران خان انتقامی کارروائی کرنے والوں کو بے نقاب کریں، وفاداری کا ایک سال سے امتحان لیا جا رہا ہے
میری راہیں تحریک انصاف سے جدا نہیں ہوئیں ، پی ٹی آئی میں شامل تھا اور رہوں گا،میڈیا سے گفتگو
عمران خان کے اعتماد کے ووٹ لینے میں سب سے زیادہ کردار جہانگیر ترین کا تھا، ایم این اے راجہ ریاض
لاہور (ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ عمران خان انتقامی کارروائی کرنے والوں کو بے نقاب کریں،میرے اور بیٹے کے اکائونٹ منجمد کر دیئے گئے ہیں، یہ کون انتقامی کارروائی کررہا ہے،دوست تھے، دشمنی کی طرف کیوں دھکیلا جا رہا ہے۔بینکنگ کورٹ لاہور میں پیشی کے موقع پر ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ بینکنگ کورٹ کے جج کی عدم دستیابی کی وجہ سے سماعت 10اپریل تک ملتوی ہو گئی ، میرے خلاف جو کیسز بنائے گئے ہیں وہ بے بنیاد ہیں، مجھ پر انہوں نے ایک دو نہیں 3 ایف آئی آر درج کرائی ہیں، ایک سال سے میرے خلاف شوگر کمیشن میں انکوائری چل رہی ہے۔ا نہوں نے کہا کہ میری وفا داری کا امتحان لیا جارہا ہے اگر ایسا نہیں ہے تو پھر کیا ہے، میں چاہتا ہوں کہ میری بات کا جواب دیا جائے۔ انہیں سب شوگر ملز میں صرف جہانگیر ترین نظر آیا ہے، ابھی مقدمے پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی،میرے اور بیٹے کے اکائونٹ منجمد کر دیئے گئے ہیں،بینک اکائونٹ منجمد کرنے سے کیا فائدہ ہوگا اور یہ کون انتقامی کارروائی کررہا ہے،یہ میرے سوالات ہیں جس کا جواب چاہئے، ہم تحریک انصاف سے انصاف کا تقاضا کرتے ہیں، افسوس کا مقام ہے کہ ہم تحریک انصاف سے انصاف مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک سال سے میں چپ بیٹھا ہوں،میری وفاداری کا اور کیا ثبوت چاہئے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری راہیں تحریک انصاف سے جدا نہیں ہوئیں، 10 سال پی ٹی آئی کے لیے خون پسینہ ایک کیا ہے، تحریک انصاف میں شامل تھا اور شامل رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ظلم بڑھتا جا رہا ہے، جو بھی انتقامی کارروائی کر رہا ہے وقت آ گیا ہے اسے بے نقاب کیا جائے، عمران خان انتقامی کارروائی کرنے والوں کو بے نقاب کریں، میں تو دوست تھا دشمنی کی جانب کیوں دھکیل رہے ہیں، اس لیے مجھے دوست ہی رکھو۔ انہوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے خلاف مسلسل پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، پی پی قیادت سے ملاقات اور شمولیت کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، میرے خلاف خبریں چلوانے والوں کو مایوسی ہوگی ۔اس موقع پر ایم این اے راجہ ریاض نے کہا کہ عمران خان کے اعتماد کے ووٹ لینے میں سب سے زیادہ کردار جہانگیر ترین کا تھا ، عمران خان نے جہانگیر ترین کی وجہ سے ہی اعتماد کا ووٹ لیا، وزیراعظم کے اردگر بیٹھے لوگ خرابیاں پیدا کر رہے ہیں، وزیراعظم اپنے اچھے کو دوست کو نہ کھوئیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو ایکشن لینا چاہئے،نقصان تحریک انصاف کو پہنچ رہا ہے،جہانگیر ترین جیسے وفادار پارٹی رہنما کے ساتھ جو ظلم ہورہا ہے اسے فوراً بند کیا جائے، جہانگیر ترین کے ساتھ روا رکھا جانے والے رویہ دراصل پارٹی کے مجموعی ساکھ کو نقصان پہنچے گا۔