جہانگیر ترین کو کوئی تشویش ہے تو عمران خان سے ملاقات کریں، شاہ محمود قریشی

ہمیں مافیازکا سامنا ، سب سے بڑا چیلنج مہنگائی کوکنٹرول کرنا ہے،روپیہ اب مستحکم ہونا شروع ہوگیا

ملتان(ویب  نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر جہانگیر ترین کو کوئی تشویش ہے تو وہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں، ہمارا سب سے بڑا چیلنج مہنگائی کوکنٹرول کرنا ہے۔ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ممبران قومی و صوبائی اسمبلی عمران خان کے فیصلے کے پابند ہیں، آزاد ممبران نے بیان حلفی جمع کروایا اور اسمبلی میں تحریک انصاف کے بینچ پر بیٹھنا شروع کیا۔ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 17شوگر ملز کو نوٹس ملے، ان میں سے صرف ایک مل جہانگیر ترین کی ہے، اگر جہانگیر ترین کو کوئی تشویش ہے تو وہ وزیراعظم سے ملاقات کریں، عمران خان خندہ پیشانی سے جہانگیر ترین کی ہر بات سنیں گے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا ہمار اکوئی ممبر کسی دوسری پارٹی میں نہیں جا رہا، میرا پیپلز پارٹی سے اختلاف ہوا تو میں نے اپنی سیٹ چھوڑی اور استعفیٰ دیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ ہمیں مافیاز کا مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے اور وزیراعظم مہنگائی پرہرہفتے بریفنگ لیتے ہیں، وزیر اعظم نے رمضان پیکج کے لیے اربوں روپے کی گرانٹ منظور کی ہے ،پاکستان کا روپیہ اب مستحکم ہونا شروع ہوگیا، روپے کی بہتری سے امپورٹڈ اشیا کی قیمتوں پرفرق پڑے گا ، ہماراسب سے بڑا چیلنج مہنگائی کوکنٹرول کرنا ہے جبکہ حکومت نے رمضان بازاروں کو سہولت بازار کی شکل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز لاہورمیں جنوبی پنجاب کے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی، 29 مارچ کواختیارات سلب کرنے والا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا، وزیراعظم نے فوری فنڈزکے اجرا کی ہدایت کی ہے، سیکریٹریٹ کیلئے 70 کروڑروپے ریلیزہوگئے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دسمبر2020 کا نوٹیفکیشن کابینہ نے منظورکردیا، وزیراعظم ملتان، بہاولپورمیں سیکریٹریٹ کا بنیادرکھیں گے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں عوام کے لیے سہولیات فراہم کریں گے،ماضی میں جنوبی پنجاب کیلئے مختص رقم دوسرے منصوبوں پرلگادی جاتی تھی۔

#/S