اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر حکومت نے ملک بھر میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک اسکول عید الفطر تک بند رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود کی زیرِ صدارت بین الصوبائی وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزرائے تعلیم نے شرکت کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے بتایا ہے کہ اجلاس میں ملک بھر میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک اسکول عید تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں اتفاقِ رائے سے تمام وزرائے تعلیم کے فیصلے لیئے گئے۔
وفاقی وزیرِ تعلیم کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ متاثرہ اضلاع میں نویں سے بارہویں تک ایک دن چھوڑ کے ایک دن کلاسیں شروع کی جائیں گی۔
ان کا کہنا ہے کہ کلاسیں شروع کرنے کا مقصد ہے طلباء بورڈ کے امتحانات کی تیاری کر سکیں، نویں سے بارہویں جماعت تک امتحانات مئی کے آخری ہفتے سے پہلے نہیں ہوں گے۔
شفقت محمود نے بتایا ہے کہ نویں سے بارہویں جماعت کے امتحانات نئی تاریخوں کے تحت ہوں گے، امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان متعلقہ بورڈ کریں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ امتحانات کا نیا شیڈول مدِنظر رکھتے ہوئے یونیورسٹیز میں داخلے کیئے جائیں گے، متاثرہ اضلاع کی یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسیں جاری رہیں گی۔
وفاقی وزیرِ تعلیم نے مزید کہا ہے کہ 8 فیصد سے کم کیسز والے اضلاع میں یونیورسٹیاں کھول دی جائیں گی۔
شفقت محمود کا یہ بھی کہنا ہے کہ اے لیول، او لیول، اے ایس، آئی جی سی ایس ای کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔