بھارت کی صورتحال ہمارے سامنے ہے، وقت ہے کہ حکومت صحیح اقدامات کرے
لاہور (ویب ڈیسک)
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے)لاہور کے صدر ڈاکٹر شرف نظامی نے کہا ہے کہ کرفیو کی نوعیت کا لاک ڈا ئون فوری نافذ کیا جائے۔لاہور سروسز ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مختلف تنظیموں کے عہدیداروں نے پریس کانفرنس کی ، صدر پی ایم اے لاہور ڈاکٹر اشرف نظامی نے کہا کہ بھارت کی صورتحال ہمارے سامنے ہے، وقت ہے کہ حکومت صحیح اقدامات کرے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری کرفیو کی نوعیت کا لاک ڈا ئون نافذ کرے، پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے ساتھ منسلک ہسپتالوں کو نیشنلائز کیا جائے، اگر نیشنلائز نہیں کرسکتے تو ان کے ساتھ مل کر کوئی پالیسی بنائیں جس سے کورونا کے مریضوں کو ریلیف مل سکے۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ ہسپتالوں کے اندر 50 ہزار سے 2 لاکھ تک ایک دن کاخرچہ ہے، ہیلتھ کیئر کمیشن پرائس کنٹرول پر اپنا کردار ادا کرے، اتنا ہی نہیں کورونا وارڈ میں ڈیوٹیاں دینے والے تمام ہیلتھ پروفیشنلز کی ویکسی نیشن ضروری قرار دی جائے۔