ریاض (ویب ڈیسک)
سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں قیام اللیل کے لیے نئے اجازت نامے صرف کورونا ویکسی نیشن کروانے والے نمازیوں کو جاری کیے جائیں گے۔
رمضان کے آخری عشرے میں خانہ کعبہ اور مسجد النبوی میں ہونے والی پُرنور قیام اللیل کا انتظار سب ہی کو ہے جس میں اللہ اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ میں خصوصی دعائیں اور مناجات کی جاتی ہیں اور امام کعبہ کی پر سوز حسن قرأت سے رقت آمیز مناظر دیکھنے کو ملتے ہیں۔
کورونا وبا کے باعث گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی سخت ایس او پیز اختیار کیئے گئے ہیں۔ وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ قیام اللیل میں شرکت کے لیے نمازیوں کو توکلنا ایپ کے ذریعے اجازت نامے جاری کیئے جائیں گے اور یہ صرف ایسے افراد کو جاری کیئے جائیں گے جنہوں نے کورونا ویکسین لگوالی ہے۔
حرمین شریفین میں مختلف کاموں کی انجام دہی کے لیے موجود سرکاری ملازمین کے لیے بھی کورونا ویکسی نیشن ہونا لازمی ہے۔ اس حوالے سے وزارت حج و عمرہ نے مختلف وزارتوں اور سرکاری محکموں کو اپنے ملازمین کی کورونا ویکسی نیشن کرانے کی ہدایت کی ہے۔
قیام اللیل کے لیے عبادت گزاروں کی طرح وہاں کام کرنے واکے ملازمین کو بھی توکلنا ایپ میں اپنی حیثیت اپ ڈیٹ کرنا ہوگی جن ملازمین کی ویکسی نیشن نہیں ہوگی انہیں حرم میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا سے 19 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ ایک ہزار 36 نئے کیسز سامنے آئے اس طرح کیسز کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 16 ہزار 307 ہے جب کہ مجموعی طور پر 6 ہزار 946 افراد لقمہ اجل بن گئے جب کہ مملکت میں 89 لاکھ 69 ہزار 167 افراد کو ویکسین لگ چکی ہے۔