• تقریب میں او آئی سی سربراہ ،آئمہ کرام ،حرمین انتظامی امور کے حکام شریک ہوئے
  • غسل کعبہ میں 20 لٹر آب زمزم اور عرق گلاب استعمال کیا گیا اوراندرونی دیواروں اور فرش کو صاف کیا گیا

مکہ مکرمہ (ویب نیوز)

خانہ کعبہ کو غسل دینے کیلئے روح پرورتقریب منعقد ہوئی ، کعبتہ اللہ کا دروازہ کھول دیا گیا اور یہ تقریب کئی گھنٹے جاری رہی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق غسل کعبہ میں 20 لٹر آب زمزم اور عرق گلاب استعمال کیا گیا اور اس موقع پر بیت اللہ کی اندرونی دیواروں اور فرش کو صاف کیا گیا۔غسل کے بعد خانہ کعبہ کو خالص عود، عرق گلاب اور بخور کی خوشبوئوں سے معطر کیا گیا۔غسل کعبہ کی تقریب کے دوران کلید بردار الشیخ ڈاکٹر صالح آل زین نے خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا اور مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان نے خانہ کعبہ کے اندرونی حصے کو غسل دیا۔عرب میڈیا کے مطابق غسل کعبہ کی تقریب میں او آئی سی سربراہ اور اعلیٰ سول حکام شریک ہوئے ، تقریب میں آئمہ کرام اور حرمین شریفین انتظامی امور کے حکام بھی شریک ہوئے۔ اس تقریب کے حوالے سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔