کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کی نگرانی کیلئے صدر آئی سی سی آئی اور ڈپٹی کمیشنر اسلام آباد کا مختلف مارکیٹوں کا مشترکہ دورہ
تاجر برادری ایس او پیز پر عمل کر رہی ہے لہذا حکومت کاروباری اوقات میں توسیع کرے۔ سردار یاسر الیاس خان
کرونا پر قابو پانے کیلئے تاجروں کا انتظامیہ کے ساتھ بہتر تعاون دیگر شہروں کیلئے قابل تقلید ہونا چاہیے۔ حمزہ شفقات

اسلام آباد ( ویب نیوز ) کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کی نگرانی کرنے کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقت کے ہمراہ جی ٹین، جی الیون اور ایف ٹین مراکز سمیت وفاقی دارالحکومت کی مختلف مارکیٹوں کا دورہ کیا۔ رانا محمد وقاص انور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)، بابر صاحب الدین ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایسٹ، مہرین بلوچ اسسٹنٹ کمشنر، خالد چوہدری کنوینر آئی سی سی آئی ٹریڈرز کمیٹی، راجہ عبد المجید کنوینر آئی سی سی آئی ایڈمنسٹریشن کمیٹی، متعلقہ مارکیٹوں کے صدور اور پولیس حکام بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ اسلام آباد کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ صدر آئی سی سی آئی نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے ہمراہ کرونا ایس او پیز کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے مختلف مارکیٹوں کا مشترکہ دورہ کیا۔ انہوں نے مارکیٹوں میں مختلف دکانوں کا معائنہ کیا تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ تاجر اور گاہک ایس او پیز پر عمل پیرا ہیں۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا انہیں یہ دیکھ کر خوشی ہوئی ہے کہ اکثر تاجر اور گاہک ایس او پیز پر عمل پیرا ہیں اور شہر میں مجموعی طور پر صورتحال بہت بہتر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مارکیٹوں میں ایس او پیز پر بہتر عمل درآمد سے آنے والے دنوں میں کرونا کے کیسوں میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا اس مشترکہ دورے کا مقصد مارکیٹوں میں ایس او پیز کے نفاذ کے لئے انتظامیہ کی کوششوں کی مکمل تائید اور حمایت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر نے کرونا وائرس پر قابو پانے کے لئے انتظامیہ کے ساتھ قریبی تعاون کی ایک عمدہ مثال قائم کی ہے اور زور دیا کہ دیگر بڑے شہروں میں بھی تاجر برادری ان کوششوں میں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے۔ انہوں نے کہا تاجر برادری کی یہ اخلاقی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مارکیٹوں اور بازاروں میں ایس او پیز کا نفاذ کرائے تا کہ ہمارے شہروں کو کرونا سے محفوظ بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ایسے مشترکہ دورے دارالحکومت کی دیگر مارکیٹوں میں بھی کیے جائیں گے تاکہ شہر میں کرونا پر بہتر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چونکہ بزنس کمیونٹی ایس او پیز کے نفاذ کے سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے لہذا حکومت کو چاہئے کہ کاروباری اوقات میں مزید اضافہ کرے تا کہ رمضان کے آخری ہفتے میں ریش کے بغیر عید شاپنگ کے لئے لوگوں کو مزید وقت ملے۔ انہوں نے کہاکیونکہ کاروباری طبقہ گذشتہ لاک ڈاؤن اور پابندیوں کی وجہ سے بھاری نقصان اٹھا چکا ہے لہذا کاروباری اوقات میں اضافہ کرنے سے وہ اس قابل ہو گا کہ اپنے نقصانات کی کچھ تلافی کر سکے لہذا حکومت اس پر سنجیدگی سے غور کرے۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقت نے کہا کہ آج انتظامیہ نے ایس او پیز کے نفاذ کے لئے صدر آئی سی سی آئی کے تعاون سے وفاقی دارالحکومت میں ایک نئی مثال قائم کی ہے۔انہوں نے کرونا کو کنٹرول کرنے کی کوششوں میں انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دینے پر سردار یاسر الیاس خان اور تاجروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ پر پہلے ہی بہت سے دیگر کاموں میں مصروف ہے جس وجہ سے کورونا وائرس کے نفاذ پر مزید وسائل کا استعمال کرنا انتظامیہ کے لئے مشکل ہے۔ لہذا چیمبر اور تاجر برادری کا اس سلسلے مین تعاون ان کیلئے بہت مددگار ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ دورے کے دوران عام لوگوں میں ایس او پیز کے بارے میں مزید آگاہی پیدا کی گئی، وارننگ دی گئی، خلاف ورزیوں پر کچھ دکانداروں کو جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ کچھ گرفتاریاں بھی کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا کو کنٹرول کرنے کیلئے وفاقی دارالحکومت میں باقی ملک کے لئے ایک نیا ماڈل پیش کیا گیا کہ ہر شہر میں تاجر اور انتظامیہ مشترکہ طور پر ایس او پیز کے نفاذ کے لئے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان دوروں کا مقصد وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے نہ کہ کسی قسم کا خوف و ہراس پیدا کرنا یا کاروبار بند کرنا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا آئی سی ٹی انتظامیہ چیمبر اور مارکیٹ ایسوسی ایشن کے تعاون سے وفاقی دارالحکومت میں روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورے کرے گی تا کہ کرونا کیسوں کو کم سے کم کر کے شہر کو مزید محفوظ بنایا جائے۔