وفاقی حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

یکم سے 15 مئی تک پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی،وزارت خزانہ

وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت نہیں بڑھائی جائیں گی، شہباز گل

اسلام آباد(ویب  نیوز)وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یکم سے 15 مئی تک پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 108روپے 56پیسے، ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 110روپے 76پیسے ، مٹی کا تیل 80روپے اورلائٹ ڈیزل آئل77روپے65پیسے فی لیٹر پر برقرار رہے گا۔قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈشہباز گل کا کہنا تھاکہ وزیراعظم نے فیصلہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت نہیں بڑھائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اوگرا کی سمری میں 5 سے 10 روپے اضافے کی سفارش کی گئی تھی لیکن وزیراعظم نے اوگرا سمری نامنظور کرکے 16 اپریل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔خیال رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو ارسال کی تھی۔