اسلا م آباد (ویب ڈیسک)

وزیر اعظم عمران خان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری موخر کردی، پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے پیٹرول 11 روپے اور ڈیزل 14 روپے بڑھانے کی سمری کو منظور نہیں کیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس وقت کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔اپنے ٹویٹ میںشہباز گل نے کہا ہے کہ حکومت بڑھتی قیمت کے بوجھ سے عوام کو بچانے کی کوشش کرے گی، وزیراعظم نے کہاکہ عوام کو مہنگائی سے بچانے کے لئے ہرممکن کوشش کریں گے۔

عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں 7 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔عالمی خبرایجنسی کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 1.07 ڈالر اضافے سے 91.10  ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔ یوایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 1.07 ڈالر اضافے سے 87.89 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ سپلائی میں رکاوٹوں، مشرقی یورپ اور مشرق وسطی میں کشیدگی کی وجہ سے ہوا۔روس اور مغرب کے درمیان کشیدگی نے بھی خام تیل کی قیمتوں کو متاثر کیا ہے۔ روس، دنیا کا دوسرا سب سے بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک، اور مغرب یوکرائن کے معاملے پر آپس میں دست و گریباں ہیں، جس سے یہ خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ یورپ کو توانائی کی سپلائی میں خلل پڑ سکتا ہے۔