اوگرانے پیٹرول کی قیمت میںکمی  ڈیزل، مٹی کے تیل  کی قیمت بڑھانے کی سمری بھجوائی

اسلام آباد (ویب نیوز)

حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے  اس معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کیا  اوگرانے پیٹرول کی قیمت میںکمی اور ڈیزل، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت بڑھانے کی سمری بھجوائی تھی ۔ ہفتہ کی شام وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر استحاق ڈار کے  وڈیو   بیان کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں 31اکتوبر تک برقرار رہیں گی۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی ردوبدل نہیں کیا جارہا ہے۔  آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ یا کمی نہیں کی جا رہی ہے۔وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ میں نے اوگرا کی سمری پر وزیراعظم سے بھی بات کی ہے، سمری میں پٹرول کی قیمت میں معمولی سے کمی کی اور ڈیزل، مٹی کا تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت بڑھانے کا ذکر تھا۔ان کا کہنا تھاکہ میں نے اوگرا کی سمری پر وزیراعظم سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ چاروں مصنوعات کی قیمتیں 31 اکتوبر تک برقرار رہیں گی۔ حکومتی فیصلہ کے مطابق  پیٹرول کی قیمت 224 روپے 80 پیسے فی لیٹر، ڈیزل کی قیمت 235روپے 30پیسے فی لیٹر اور  مٹی کے تیل کی قیمت 191روپے83 پیسے فی لیٹر پر برقرار ہے۔لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 186روپے 50 پیسے فی لیٹر رہے گی۔ خیال رہے کہ روپے کی قدرمیں بہتری کے اثرات کے پیش نظر 16 اکتوبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔