جاز کیش نے کاروباری طبقے کے لیے ایپ متعارف کرادی
اسلام آباد۔(ویب نیوز )۔۔جازکیش(JazzCash) نے اپنے دکانداروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ایک نئی بزنس ایپ (Business App) متعارف کرادی ہے جس کا مقصد ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام کو فروغ دینا ہے۔جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ ایپ کاروباری نظم و نسق کوبہتر طریقے سے انجام دے کر کاروبار کرنے کے طریقے میں آسانی پیداکرتی ہے۔اس ایپ کی مدد سے چھوٹے اور درمیانی کاروبار والے تاجر (SMEs) بینک اکاؤنٹ کھلوائے بغیر ہی ڈیجیٹل طریقے سے ادائیگی کرسکتے ہیں۔
یہ نیا پلیٹ فارم ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام سے واقفیت نہ رکھنے والے چھوٹے و درمیانی کاروباری طبقہ کے لیے تیار کیا گیاہے۔ اس وقت پاکستان میں لاکھوں ایس ایم ایز (SMEs) کام کررہے ہیں جن میں سے چند ہزار ہی ڈیجیٹل ادائیگی کرتے ہیں باقی تقریبا تمام کیش کے ذریعے لین دین پر انحصار کرتے ہیں۔
جاز کیش بزنس ایپ،خودکار طریقے سے تاجروں کی کارکردگی اور کاروباری سرگرمیوں کوبہتر بنانے میں مدد دیتی ہے۔اس ایپ کی مدد سے کاروباری لین دین، تنخواہوں اورسامان کی خریداری کے لئے رقم کی ادائیگی کیو آر کوڈ(QR code)کے ذریعے کی جاسکتی ہے۔تاجر حضرات اپنے گاہکوں کو حسب ضرورت ڈیجیٹل رسیدفراہم کرنے کے لئے کسی بھی وقت کیو آر کوڈموقع پر ہی تیار کرسکتے ہیں۔آگے چل کر،اس ایپ میں کاروبار کے لیے قرضہ کے حصول کی درخواست دینے کا طریقہ سمیت معاشی ترقی میں اہم کردار کے حامل مزیدفیچرزبھی شامل کیے جائیں گے۔
جاز کیش کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایروان جیلبرٹ(Erwan Gelebart) کہتے ہیں کہ ”جاز کیش تیز،محفوظ اورشفاف ادائیگی کے لیے جدید مصنوعات اور خدمات پیش کرتاہے جس کا بنیادی مقصدنقدکیش کے بغیر معیشت کو فروغ دینا ہے۔ہم نے یہ ایپ ایک ایسے چھوٹے اور درمیانی کاروباری طبقے کے معاشی مسائل کو حل کرنے اور ڈیجیٹل ضروریات کے پیش نظر تیار کی ہے جو ڈیجیٹل ٹرانفارمیشن کو اپنانے کے لیے مطلوبہ وسائل کی کمی کا شکار ہیں۔ ڈیجیٹل ایکوسسٹم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے محفوظ اور بروقت ادائیگیوں سے ان کے کاروبار مزید ترقی کریں گے۔ ”
کاروباری حضرات اپنی چند ذاتی اور کاروباری معلومات دے کر کسی بھی جگہ سے تصویر اور شناختی کارڈ کی کاپی اپ لوڈ کرکے اس ایپ میں خود کوباآسانی رجسٹرڈکراسکتے ہیں۔