اسلام آباد (ویب ڈیسک)
پارلیمانی کمیٹی برائے ججز تقرری نے لاہورہائیکورٹ میں 13ایڈیشنل ججز تعینات کرنے کی منظوری دیدی، وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس کی ایک سالہ توسیع کی بھی توثیق کردی گئی،دوروز کے دوران کمیٹی کی کارروائی کے دوران ججز کیلئے متعلقہ امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کیے گئے۔ اجلاس گزشتہ روز پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آزاد اپوزیشن رہنما سینیٹر نزیراعظم تارڑکی صدارت میں کمیٹی روم نمبر چار میں ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنمائوں راجہ پرویز اشرف، سینیٹر فاروق ایچ نائیک، مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ خان اور دیگر شریک ہوئے۔ سینیٹ سیکرٹری نے کمیٹی کی معاونت کی ۔لاہور ہائیکورٹ میں 13 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لئے پارلیمینٹ میں امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کرلئے گئے، پارلیمانی کمیٹی برائے ججزتقرری کو نامزدگیاںجوڈیشل کمیشن آف پاکستان سے موصول ہوئیں۔ ضابطہ کار کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کے لئے 13، امیدواروں کے انٹرویوزکئے گئے ۔ کمیشن سے موصول نامزدگیوں جن میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج صفدر سلیم شاہد، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شکیل احمد، سہیل ناصر ، شان گل، امجد رفیق ، انوار حسین ایڈووکیٹ، طارق ندیم، بیرسٹر راحیل کامران شیخ، احمد ندیم ارشد، علی ضیا باجوہ، عابد چٹھہ، رضا قریشی ، تنویر سلطان شامل ہیں توثیق کرتے ہوئے ناموں کی حتمی منظوری کے لئے صدرمملکت کو بھیج دیئے گئے ۔ مذکورہ ججز کو ایک سال کے لیے ایڈہاک پر تعینات کیا جائے گا۔کمیٹی نے وفاقی شرعی عدالت کے چیف جسٹس محمد نور مسکان زئی کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کی بھی منظوری دیدی گئی ہے، تمام نامزدگیاں صدر پاکستان کو ارسال کردی گئی ہیں۔ 13 ججز لاہورہائیکورٹ میں ایڈیشنل ججز کی حیثیت سے تعینات ہوں گے۔ صدر کی منظوری کے بعد ججز حلف اٹھائیں گے۔