لائسنس تجدید فیس کی دوسری قسط کی مد میں پی ٹی اے کو 15 ارب 82 کروڑ روپے وصول
اسلام آباد (ویب نیوز ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے دو موبائل فون آپریٹروں (سی ایم اوز) ٹیلی نار پاکستان اور پاکستان موبائل کمیونیکیشن لمیٹڈ (جاز)سے لائسنس کی تجدیدی فیس کی د وسری قسط کے مد میں 15 ارب82کروڑ روپے (103.17 ملین ڈالر کے برابر) وصول کئے ہیں۔
یہ رقم پاکستان ٹیلی کام ری آرگنائزیشن ایکٹ 1996 کے تحت فیڈرل کنسو لیڈیٹڈ فنڈ (ایف سی ایف) میں جمع کرائی جا رہی ہے۔
پی ٹی اے نے اب تک تین موبائل آپریٹروں سے لائسنس تجدید کی کل فیس کا 50 فیصد اور پہلی قسط کی مد میں وصول ہو نے والے 135 ارب 81 کروڑ روپے (862.22 ملین ڈالر کے مساوی) حکومت کو جمع کرائے ہیں۔ دو موبائل فون آپریٹروں سے اب وصول ہونے والی دوسری قسط کے ساتھ یہ رقم 151 ارب 63 کروڑ روپے (965.39 ملین ڈالر)ہوگئی ہے۔
سی ایم پاک (زونگ) کی جانب سے لائسنس کی تجدید فیس کی دوسری قسط 54.086 ملین امریکی ڈالر اکتوبر 2021 میں واجب الادا ہو گی۔