پی ٹی اے نے 19کمپنیوں کو موبائل فونز / ڈیوائس بنانے کی اجازت جاری کردی

اسلام آباد (ویب نیوز ): پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مقامی سطح پر موبائل ڈیوائسز (2 جی / 3 جی / 4 جی) کی تیاری کے لئے 19 غیر ملکی اور مقامی کمپنیوں کو موبائل فونز/ ڈیوائس بنانے کی اجازت جاری کردی ہے۔
ابتدائی طور پراگلے دس سالوں کے لئے جاری کردہ اجازت کے تحت ، مینوفیکچررز اپنے برانڈز بھی تشکیل دے سکیں گے جو ’پاکستان میں تیار‘ ثقافت کو فروغ دینے میں مدد فراہم کریں گے۔
ان مینوفیکچررز کے ذریعے تیار کردہ موبائل ڈیوائسز نہ صرف پاکستان میں فروخت کیے جائیں گے بلکہ خطے اور اس سے آگے کی دیگر مسابقتی مارکیٹوں میں بھی برآمدکیے جا سکیں گے۔یہ ڈیوائس مینوفیکچرنگ پلانٹس روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور پا کستانی صارفین کے لیے کم قیمت والے ہینڈسیٹ فراہم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔
حکومت نے پاکستان میں مینوفیکچروں کو اپنے پلانٹ لگانے کی حوصلہ افزائی کے مقصد سے ایک جامع اور معاون ‘موبائل مینوفیکچرنگ پالیسی ‘متعارف کرائی جس کے نتیجے میں پی ٹی اے نے 2021 میں موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ (ایم ڈی ایم) ریگولیشنز جاری کیے۔ ان اقدامات کے تحت موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ کی اجازت جاری کی گئی ہے جو ” ڈیجیٹل پاکستان” کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔