نیدرلینڈ کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کیلئے سفارتخانہ نجی شعبے کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔ سلجوق مستنصر تارڑ
پاکستانی سفارتخانے ہماری برآمدات کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کریں۔ سردار یاسر الیاس خان
اسلام آباد ( ویب نیوز ) نیدرلینڈ کیلئے نامزد پاکستان کے سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے کہا کہ موجودہ حکومت ٹریڈ ڈپلومیسی کے ذریعے بیرونی ممالک کے ساتھ پاکستان کی تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے کے لئے کوشاں ہے اور یقین دلایا کہ نیدرلینڈ میں پاکستان کا سفارتخانہ نیدرلینڈ کے ساتھ پاکستان کی تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کے لئے نجی شعبے کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
سلجوق مستنصر تارڑ نے کہا کہ اگرچہ یہ بات ابھی غیر یقینی ہے کہ کروناوائرس کے بعد نیدرلینڈ سمیت یورپین ممالک کی معیشتیں کتنی جلدی بحالی کی طرف گامزن ہوں گی تاہم ان کی کوشش ہو گی کہ نیدرلینڈ کے ساتھ پاکستان کی تجارت اور برآمدات کو بہتر کرنے کے تمام ممکنہ مواقعوں سے فائدہ اٹھایا جائے۔ اس مقصد کے لئے وہ وزارت تجارت اور چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ نیڈرلینڈ میں پاکستان کی مصنوعات کے مواقعوں کے بارے میں معلومات شیئر کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ نیدرلینڈ کے سرمایہ کاروں کو بھی پاکستان میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی ترغیب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات کی بنیاد کو وسعت دینے کے لئے مزید موثر کوششوں کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے نجی شعبے کو بہتر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے تاجر برادری کو نیدرلینڈ میں پاکستان کے نجی شعبے کے لئے نئے مواقع تلاش کرنے کے بارے میں اپنے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا تاکہ مشترکہ کوششوں سے نیدرلینڈ کے ساتھ پاکستان کی برآمدات میں مزید اضافہ کیا جاسکے۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کی تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے کیلئے بہت پرعزم ہیں لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کی معیشت و تجارت سے متعلقہ وزارتیں اور پاکستانی سفارتخانے تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کیلئے نجی شعبے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈ کے ساتھ پاکستان کی دو طرفہ تجارت تقریبا ایک ارب ڈالر تک ہے جو دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے لہذا انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈ میں پاکستان پاکستان کا سفارتخانہ برآمدات کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کرے تا کہ ان کو صلاحیت کے مطابق ترقی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان زیادہ تر اپنی ٹیکسٹائل مصنوعات نیدرلینڈز کو برآمد کر رہا ہے تاہم اگر حکومت نجی شعبے کے ساتھ تعاون کرے تو ادویات، ماربل و گرینائٹ، آئی ٹی مصنوعات اور سرجیکل آلات سمیت پاکستان کی متعدد مصنوعات نیدرلینڈ کو برآمد کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام سفارتخانوں کے پاس میڈ اِن پاکستان کی تازہ معلومات پر مشتمل بروشر یابک ہر وقت دستیاب ہونی چاہیے جو ہماری برآمدات کو بہتر کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔
سردار یاسر الیاس خان نے کہا حکومت کو چاہیے کہ وہ ایک کاروبار دوستانہ ٹیکس نظام کو تشکیل دینے پر توجہ دے جس سے پاکستان کے صنعتی شعبے اور برآمدات کو بہتری ترقی ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کی بنیاد کو وسعت دینے اور ٹیکس محصولات میں بہتری لانے کے لئے حکومت کو چاہیے کہ وہ تاجروں کے لئے ایک فکسڈ ٹیکس نظام متعارف کرانے پر سنجیدگی سے غور کرے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کی صنعت کو اصل صلاحیت کے مطابق ترقی دینے کیلئے حکومت اس شعبے کی درآمدات پر سبسڈی فراہم کرے۔ آئی سی سی آئی کی سینئر نائب صدر فاطمہ عظیم، نائب صدر عبد الرحمن خان، محمد نوید ملک اور دیگر نے بھی اس موقع پر پاکستان اور نیدر لینڈ کی دوطرفہ تجارت اور معاشی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے لئے مفید تجاویز پیش کیں۔