ٹرین سروس بوستان اور کولپور ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان ہفتے میں دو روز چلائی جائے گی
کوئٹہ (ویب ڈیسک)
پاکستان ریلوے کی جانب سے سیاحت کے فروغ کے لئے کوئٹہ میں ٹورسٹ شٹل ٹرین سروس کا افتتاح کر دیا گیا، ٹرین سروس بوستان اور کولپور ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان ہفتے میں دو روز چلائی جائے گی۔ٹورسٹ شٹل ٹرین سروس کا افتتاح کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ڈی ایس ریلوے کوئٹہ ڈویژن اختر محمود خٹک نے فیتا کاٹ کر کیا۔ترجمان ریلوے کے مطابق ٹورسٹ ٹرین حکومت بلوچستان کی درخواست پر چلائی جارہی ہے، ٹرین بوستان اور کولپور ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان ہفتے میں دو روز ہفتہ اور اتوار کو چلائی جائے گی۔ٹرین صبحساڑھے 9 بجے کوئٹہ سے بوستان کے لئے روانہ ہوگی، 11بجے براستہ کوئٹہ کولپور اور پھر دوپہر 2 بجکر10 منٹ پر کولپور سے واپس کوئٹہ روانہ ہوگی۔دوران سفر ٹرین بلیلی، کچلاک، بوستان،سپزنڈ اور کولپور پر رکے گی ، ٹرین کا کرایہ 20 سے 50 روپے کے درمیان ہے۔ٹورسٹ ٹرین چلائے جانے کے باعث آج سے دو روز کے لئے چمن پسینجر نہیں چلائی جائے گی۔