اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ وعدے کے مطابق آن لائن ایکیولینس سسٹم متعارف کرادیا ہے جس سے ملک بھر کے طلبا و طالبات کو سفری اور تکنیکی دشواریوں سے چھٹکارہ مل جائے گا۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں انہوں نے چیف سیکٹریٹری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ غلام علی نے آن لائن ایکیولینس کی تیاری میں تدریسی شعبہ کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد تکنیکی دشواریوں کو دور کیا۔شفقت محمود نے کہا کہ مقامی و بین الاقوامی تدریسی بورڈ کے ساتھ متعدد اجلاس کے بعد ایکیولینس کا آن لائن سسٹم بنایا جس کے تحت طلبا و طالبات آن لائن اپنے دستاویزات جمع کرکے ایکیولینس حاصل کرسکیں گے۔وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ درخواست کے ساتھ فیس کی ادائیگی بھی آن لائن ہوسکے گی، طلبا و طالبات کو کسی بینک کے سامنے لائن لگانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر طلبا و طالبات کو آن لائن درخواست جمع کرانے کی سہولتیں دستیاب نہیں تو وہ مینول طریقے (رائج طریقہ) سے اپنی درخواست دے سکتے ہیں۔شفقت محمود نے کہا کہ درخواست گزار کو آن لائن یہ سہولت بھی حاصل ہوگی کہ وہ اپنے درخواست کی ٹریکنگ کرسکے گا اور حتمی مراحلے کے بعد متعلقہ ادارہ آپ کو سرٹیفکیٹ بذریعہ پوسٹ ارسال کردے گا۔وفاقی وزیر نے آن لائن ایکیولینس نظام کے آغاز کو انقلابی تبدیلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جتنے بھی کام کرنے کے طریقے ہیں انہیں آسان بنائیں۔انہوں نے بتایا کہ ایکیولینس کی تصدیق کا مرحلہ بھی آن لائن ہوجائے گا اور تصدیق کے مرحلے میں درکار وقت انتہائی کم ہوجائے گا۔شفقت محمود نے رواں برس مارچ میں اعلان کیا تھا کہ طلبا و طالبات کو ایکیولینس کے حصول کے لیے بہت پریشانی کا سامنا ہوتا ہے۔انہوں نے عید الفطر کے بعد ایکیولینس کے لیے آن لائن نظام متعارف کرانے کا وعدہ کیا تھا۔