چیئرمین نادرا کا ریجنل ہیڈ آفس کراچی کا دورہ، ایجنٹ مافیا کیساتھ ملی بھگت، 39 ملازمین معطل
کراچی(ویب نیوز) چیئرمین نادراطارق ملک نے کراچی میں ریجنل ہیڈ آفس کے دورے کے موقع پر ایجنٹ مافیا کے ساتھ ملی بھگت اور خواتین کے ساتھ ناروا سلوک پر 39 ملازمین کومعطل کر دیا۔چیئرمین نادرا نے کراچی میں ریجنل ہیڈ آفس اور مختلف نادرا دفاتر کے ہنگامی دورے کئے۔ طارق ملک نے کراچی میں نادرا دفاتر کی کارکردگی بہتر اور موثر بنانے کے لئے نئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ چیئرمین نادرا نے سائلین سے ان کے مسائل دریافت کئے اور موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ طارق ملک نے ملازمین سے ان کی کارکردگی کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔اس موقع پر چیئرمین نادرا طارق ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 39 ملازمین کو ایجنٹ مافیا کے ساتھ ملی بھگت اور خواتین کے ساتھ ناروا سلوک کرنے پر معطل کیا گیا، بدعنوان عناصر کو قوائد و ضوابط کے مطابق سزا دی جائے گی، قومی ادارہ میں ناقص کارگرگی، بدعنوانی اور کرپشن کرنے والے کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ادارے کے محدود وسائل کے باوجود ملازمین کی بلا تفریق تنخواہیں بڑھا کر ملازمین کے بہترین مفاد کو یقینی بنایا۔