مقبوضہ کشمیر میں عید الاضحی کی اجتماعی نماز پر بھی پابندی لگا دی گئی
کشمیری عوام گھروں کے اندر عید منائیں،ا نسپکٹر جنرل پولیس وجئے کمار
سری نگر(ویب نیوز )بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں عید الاضحی کی اجتماعی نماز پر پابندی لگا دی ہے ۔ بھارتی ٹی وی سے انٹرویو میں مقبوضہ کشمیر کے ویژنل کمشنر کشمیر پنڈورنگ کے پولے نے کہا ہے کہ کووڈ کی تیسری لہر کے خدشات کے پیشِ نظر عید الاضحی کی اجتماعی نماز کی اجازت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس لیے عیدالاضحی کے موقع پر کسی بھی اجتماعی نماز کی اجازت نہیں ہوگی۔ کووڈ ایس او پیز کے مطابق کسی بھی بڑے اجتماع میں لوگوں کی تعداد کو محدود کرکے 25 کر دیا گیا ہے تاہم اگر اجتماعی نماز کی اجازت دی جائے تو اس تعداد کو 25 تک محدود رکھنا مشکل ہوگا۔ ادھر کشمیر پولیس کے انسپکٹر جنرل وجئے کمار نے بھی لوگوں سے کہا ہے کہ وہ گھروں کے اندر عید منائیں اور کوڈ پروٹوکول کی سختی سے پیروی کریں۔آئی جی پی کشمیر نے کشمیری عوام سے عیدالاضحی کے موقع پر سرکاری ایس او پیز اور ضروری صحت پروٹوکول پر سختی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔