شہبازشریف اگر بات کرنا چاہیں تو حکومت کے دروازے کھلے ہیں، شیخ رشید
(ن)لیگ اور شین لیگ کے درمیان آپس میں مفاہمت اور مزاحمت کی جنگ جاری ہے، ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں
بیرونِ ملک تعینات ملازمین 30 اگست تک اپنے دفاتر میں رپورٹ نہیں کرینگے تو انہیں ملازمت سے فارغ کردیا جائیگا
محرم کے دوران ہر صورت امن و امان کو برقرار رکھا جائے گا،پریس کانفرنس
اسلام آباد(ویب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہبازشریف اگر بات کرنا چاہیں تو حکومت کے دروازے کھلے ہیں، طویل عرصے سے بیرونِ ملک تعینات سرکاری ملازمین اگر 30 اگست تک ملک میں واپس آکر اپنے دفاتر میں رپورٹ نہیں کریں گے تو انہیں ملازمت سے فارغ کردیا جائے گا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ نے ہدایت جاری کی ہے کہ محرم کے دوران ہر صورت امن و امان کو برقرار رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام سے متعلق جمعرات کو اجلاس طلب کر لیا ، چاہتے ہیں کسی کے عقیدے کو چھیڑیں نہ اپنا عقیدہ چھوڑیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے کووِڈ ویکسینیشن کی تصدیق کے لیے سسٹم کا اجرا کیا جارہا ہے اور اسے 64 ممالک سے مربوط کیا جارہا ہے تا کہ باہر سے آنے والوں کی تصدیق ہوسکے کہ وہ ویکسینیٹڈ ہیں یا نہیں۔انہوں نے بتایا کہ کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ہدایت کی ہے کہ ڈپلومیٹک انکلیو کو محفوظ اور ماڈرن بنایا جائے، گیٹ اور کیمرے نصب کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین سی ڈی اے کو ریسکیو سروس 1122 کے اجرا کی بھی ہدایت کی گئی، یہ اس ملک کی بد قسمتی ہے کہ دارالحکومت کے سیکٹر ایف-11 میں سیلاب آیا لیکن امدادی ادارہ موجود نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو تمام نالوں پر قائم تجاوزات مسمار کرنے کی ہدایت کی گئی جس کی نگرانی میں خود کروں گا اور یہ کام 30 اگست تک ہوجانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر این سی او سی کے تعاون سے ہولی فیملی ہسپتال میں جدید اقدامات اور وارڈ کا افتتاح کرنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نادرا اور سائبر کرائم میں افسران کی روٹیشن مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے، لوگ 10، 10 سالوں سے ایک ہی دفتر میں بیٹھے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک موجود 64 مشنز میں 5 سے 8 سالوں سے پاسپورٹ کی بنیاد پر جو لوگ بیٹھے ہیں ان سب کو واپس بلالیا گیا اور ان کے متبادل کے طور پر میرٹ پر 64 افراد کو بھیجا جارہا ہے۔ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہا کہ بیرونِ ملک نادرا اور پاسپورٹ آفس میں موجود افراد اگر 30 اگست تک واپس آکر اپنے دفاتر میں رپورٹ نہیں کرتے تو انہیں نوکریوں سے فارغ کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کووِڈ کی وجہ سے ایک ماہ کی چھوٹ دے رہا ہوں، لوگ نے سرکاری دفاتر سے بیرونِ ملک تعیناتی کے بعدواپس نہیں آنا چاہتے وہاں انہوں نے گرین کارڈ بھی حاصل کرلیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فغان سفیرکی بیٹی کے کیس میں افغان تحقیقاتی ٹیم آئی ہے، افغان سفیر کی بیٹی ہماری بیٹیوں کی طرح ہے، پولیس نے 11 لوگوں کو پکڑا تھا جن میں 4 ٹیکسی ڈرائیور شامل ہیں، ان سے تفتیش کا ریکارڈ موجود ہے۔ اسلام آباد پولیس افغان تفتیشی حکام کے جواب دینے کیلئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے افغان سرحد پر باڑ لگارکھی ہے، پاکستان میں افغان مہاجرین نہیں آرہے اور نہ ہی طالبان موجود ہیں، 108 لوگ بلوچستان کے راستے پاکستان آئے ہیں، پاکستان آنے والے وہی لوگ ہیں جو یہاں سے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو (ن) لیگ اور پیپلزپارٹی سے کوئی خطرہ نہیں ، (ن) لیگ کو اس کی اپنی پالیسی سے نقصان پہنچا ہے، (ن)لیگ اور شین لیگ کے درمیان آپس میں مفاہمت اور مزاحمت کی جنگ جاری ہے، ان کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں، یہ اپنی انگلیاں خود کاٹیں گے۔ شہبازشریف اگر بات کرنا چاہیں تو حکومت کے دروازے کھلے ہیں، وہ ماضی بھلا کر آئیں، سیاست میں دروازے بند نہیں ہوتے۔انہوں نے کہا کہ چین ہماراعظیم دوست ہے، ہرمشکل میں ساتھ دیا۔