اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج کے دن قومی پرچم لہراتے ہوئے ہمیں ایمان ،اتحاد تنظیم کے پختہ عزم کا اعادہ کرنا چاہئے، ہم نے ایک متحد، پرامن اور پرعزم قوم کی حیثیت سے ابھرنے کے لئے اپنی تاریخ کے سفر میں کٹھن چیلنجز عبور کئے ہیں۔ یوم آزادی کے موقع پر اپنے اہم پیغام میں عمران خان نے کہا کہ آج بھی اندرون ملک بعض درپیش مسائل کے ساتھ ساتھ خطہ کی بدلتی صورتحال ہمارے اس عزم کا امتحان ہے، ہروقت کی طرح ہم اپنے عزم صمیم کی بدولت ان رکاوٹوں پر قابو پالیں گے اور مضبوط تر قوم کے طور پر ابھریں گے، پاکستان آج اقوام عالم کے مابین سر اٹھا کر کھڑا ہو سکتا ہے، معیشت کی بحالی، کورونا وبا سے نبرد آزما ہونے اور ماحولیاتی تحفظ بارے ہماری پالیسیوں کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہئے، کشمیری عوام انتہائی نامساعد حالات اور بھارتی غیر قانونی قبضہ میں ناقابل بیان جبر میں اپنے حق خودارادیت کے لئے جدوجہد کررہے ہیں، پاکستان کشمیریوں کی منصفانہ کاز کے لئے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، کشمیری ابھی بھی ان کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کرنے کے لئے عالمی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے اپنی مغربی سرحدوں پر غیر مستحکم صورتحال کے باعث بڑی قربانیاں دی ہیں، ہم نے ہمیشہ اس بات پر مسلسل زور دیا ہے کہ افغانستان کے تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، افغانستان میں دیر پا امن و استحکام کے لئے پاکستان افغان تنازعہ کے مذاکرات سے سیاسی حل کی حمایت جاری رکھے گا، اپنے معاشی و سماجی ایجنڈے کی پیروی کے لئے ہم اندرون اور بیرون امن چاہتے ہیں، نیا پاکستان میں ہماری تمام تر توجہ جیو پالٹیکس سے اب جیو اکنامکس پر مرکوز ہوگئی ہے، جس میں ہم اولین ترجیح کے طور پر پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی پر توجہ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہر ممکن کوششیں کی ہیں، بلاشبہ پاکستان اللہ تعالی کا ہمارے لئے تحفہ ہے، میں ایک مرتبہ پھر اندرون ملک اور بیرون ملک تمام پاکستانیوں کو مبارکباد دیتا ہوں، اس موقع پر آپ سے کہتا ہوں کہ پاکستان کو قابل فخر، خوشحال اور پرامن ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔