اسلام آباد (ویب ڈیسک)

وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ بنیادی اشیاء ضروریہ کی قیمتیں پوری دنیا میں 10 سال کی بلندترین سطح پر ہیں اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے ۔  ایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ یہ حقیقت ہے کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے مگر حکومت پاکستان سبسڈی دے کر یوٹیلٹی سٹوروں پر کم قیمت پر اشیاء ضروریہ مہیا کررہی ہے ۔ زرعی پیداوار بڑھا کر قیمتوں کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسپیشل اکنامک زونز کو جلد فعال کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ ماضی کے مقابلے میں صوبوں میں ٹیکس وصولیاں بڑھی ہیں۔ کامیاب پاکستان پروگرام وزیراعظم عمران خان کا انقلابی پروگرام ہے اس سے ملک میں انقلاب برپا ہوگا یہ پروگرام لوگوں کو اپنے پائوں پرکھڑا کرے گا۔