پاکستان کھیلوں، بین الاقوامی سیاحت،کاروبار کیلئے محفوظ ملک ہے،آرمی چیف
ہم مشترکہ دلچسپی کے دو طرفہ صحت مندانہ تبادلوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں
پاکستان افغا ن عوام کے پائیدار اور خوشحال مستقبل کیلئے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کیلئے پر عزم ہے
جنرل قمر جاوید باجوہ سے یونانی سفیر ایندریاس پاپاستراورو کی ملاقات ، افغانستان کی صورتحال، مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال
یونانی سفیر نے کرونا وباء پر قابو پانے، افغانستان سے لوگوں کے انخلاء اور خطہ میں استحکام بارے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا ،آئی ایس پی آر
راولپنڈی(ویب نیوز)چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کھیلوں، ہر قسم کی بین الاقوامی سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں کے لئے محفوظ ملک ہے اور ہم مشترکہ دلچسپی کے دو طرفہ صحت مندانہ تبادلوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
پاکستان خطہ میں امن کے لئے اور افغانستان میں لوگوں کے پائیدار اور خوشحال مستقبل کے لئے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے لئے پر عزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں منگل کے روز پاکستان میں متعین یونانی سفیر ایندریاس پاپاستراورو سے ملاقات کے دوران کیا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطہ کی سیکیورٹی صورتحال، خاص طورپر افغانستان کی تازہ صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر یونان کے سفیر نے پاکستان کی جانب سے قومی سطح پر مربوط کوششوں کے زریعہ کوروناوائرس کی وباء پر قابو پانے کے لئے کوششوں کو سراہا۔ یونانی سفیر نے پاکستان کے افغانستان کی صورتحال، لوگوں کے انخلاء کے حوالہ سے آپریشنز اور خطہ میں استحکام کے حوالہ سے کوششوں کے حوالہ سے کردار کو بھی سراہا ۔