اگر سلمان شہباز کوکلین چٹ مل گئی تو وہ تایا کو ساتھ لے کر پاکستان واپس آئیں، شیخ رشید احمد

امریکی سینٹ میں جس طرح بل گیا ہے پاکستان کے اور بڑے امتحان ہوسکتے ہیں

سرنڈر نہیں کریں گے اگر افغانستان میں انسانی بحران پیدا ہونے کا وقت آیا تو ہم افغانی بھائیوں کی بھرپور مدد کریں گے

 طالبان کی عسکری مدد فراہم کرنے کے حوالے سے الزامات بے بنیاد ہیں،وزیرداخلہ کا تقریب سے خطاب ،میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد( ویب  نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اگر سلمان شہباز کوکلین چٹ مل گئی ہے تو وہ تایا کو ساتھ لے کر پاکستان واپس آئیں، طالبان کی عسکری مدد فراہم کرنے کے حوالے سے الزامات بے بنیاد ہیں ،دنیا بدلے ہوئے افغانستان کی حقیقت کو تسلیم کرے، افغانستان میں انسانی بحران پیدا ہونے کا وقت آیا تو ہم افغان بھائیوں کی بھرپور مدد کریں گے۔ اسلام آباد میں خواتین ایوان صنعت و تجارت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ اس سے پہلے میں نے فاطمہ جناح اور سیٹلائٹ ٹائون 2 یونیورسٹیاں بنائی ہیں اب انشاء اللہ دو ماہ میں تیسری یونیورسٹی وقار النساء ویمن بھی بن جائے گی۔ راولپنڈی میں کوئی ایسی ڈھوک نہیں ہے جہاں میں نے سکول اورویمن کالج نہ بنایا ہو۔ یہی وجہ ہے کہ آج راولپنڈی  کے رکشہ ڈرائیور کی بیٹی نے بھی  سی ایس ایس کے امتحان میں ٹاپ کیا ہے جس کو اچھا ماحول ملتا ہے وہ جلدی اپنی دنیا بنالیتا ہے۔ ہم بہت سے گارڈن ڈویلپ کررہے ہیں ۔ قائداعظم مونومنٹ کوبھی پارک بنانے جارہے ہیں۔ ہم میلوڈی گارڈن مارکیٹ بھی بنانے لگے ہیں خواتین اس  میں بھی دکانیں لیں۔ ہمت کریں یہ ملک آپ کیلئے بنا ہے یہاں آپ کیلئے زیادہ وسائل اور ترقی کی گنجائش ہے میں سکردو گیا تو وہاں خواتین کو چائے کے ہوٹل چلاتے دیکھ کر بہت متاثر ہوا آپ نے جس بازار کا مطالبہ کیا ہے انشاء اللہ 30 اکتوبر سے پہلے پہلے یہ بازار شروع ہو جائے گا انشاء اللہ  آپ کو پلاٹ بھی مل جائیں گے  ہم آپ کو ضرور پلاٹ دیں گے۔ خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھ کر کردارادا کرنا چاہیے۔ میڈیا کے سوالوں کے جواب میں شیخ رشید نے کہاکہ اگر سلمان، حمزہ کو کلین چٹ مل گئی ہے تو پاکستان آ ئیں اور تایا اورچچا کو بھی ساتھ لے کر آ ئیں انہوں نے کہاکہ  وزیراعظم ملک میں ای وی ایم مشین اس لئے چاہتا ہے تاکہ الزامات کا یہ سلسلہ ختم ہو جائے کہ انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہے۔ قوم الیکشن میں جارہی ہے الیکشن کیلئے بیس  بائیس مہینے رہ گئے ہیں۔ مہنگائی ضرور ہے چار بنیادی چیزیں دال ، چینی، گھی اور اسی طرح چار دوائیاں انسولین، ڈیپریشن، بلڈپریشر اور ٹی بی کی دوائیوں کی قیمت کم کرنے کیلئے میں خود وزیر صحت کے پاس گیا ہوں کہ عوام کو ان پرسبسڈی دی جائے اور انشاء اللہ ان کی قیمتیں اسی سال کم کروائیں گے۔ آج پارلیمانی پارٹی کا اجلاس تھا وزیراعظم نے ایم این ایز کوہدایت کی کہ وہ حلقوں میں جائیں، وزیر اداخلہ نے کہاکہ جس طرح امریکی سینیٹ میں بل گیا ہے پا کستان  کے اور بڑے امتحان ہوسکتے ہیں لیکن ہم سرنڈر نہیں کریں گے اگر افغانستان میں انسانی بحران پیدا ہونے کا وقت آیا تو ہم افغانی بھائیوں کی بھرپور مدد کریں گے۔ ہم ان کی کوئی عسکری مدد نہیں کررہے یہ سب بکواس ہے دنیا خاص کر ہندوستان کی ایجنسیوں کو شکست ہوئی ہے ہندوستانی ناکام اور نامراد ہوکر کابل سے نکلے ہیں ان کے چہرے لٹکے ہوئے ہیں اور وہ پاکستان پر الزام لگارہے ہیں ،شیخ رشید نے کہاکہ  ہم دنیا کے ساتھ کھڑے ہیں اور چاہتے ہیں دنیا بھی بدلے ہوئے افغانستان کے ساتھ کھڑ ی ہو۔ افغانیوں کے منجمد فنڈز کو ریلیز کرے ہم نے 16سے 20ہزار لوگوں کو نکالا ہے ساری دنیا تعریف کررہی ہے کہ پاکستان نے زبردست انتظامات کیے ہیں  اور یہ اقدامات 30 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔ سہولیاتی سنٹر ویزے کیلئے  30 اکتوبر تک کھلا رہے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ افغانستان جانے والوں کی تعداد آنے والوں سے زیادہ ہے۔ پاکستان میں الیکشن میں 2 سال باقی ہیں اندرونی سیاست کی بجائے پاکستان انٹرنیشنل سیاست میں داخل ہونے جارہا ہے ۔ پاکستان ایک چرچل پوسٹ ہے اس علاقے میں پاکستان کا بڑا اہم کردار ہے۔ دنیا کی کوئی سپر پاور ہمارے اس کردار کو ہم سے نہیں چھین سکتی ہم پر بڑے بڑے امتحان اور دشواریاں آئی ہیں لیکن ہم نے سیسہ پلائی دیوار کی طرح ایک قوم ہونے کا ثبوت دیا ہے ہم دنیا کے ساتھ کھڑے ہیں اور افغانستان میں امن و امان اور ترقی کے حامی ہیں ہم چاہتے ہیں دنیا بھی ان کا خیال رکھے تاکہ ساری دنیا میں امن رہے۔وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ اتنی بڑی نیوزی لینڈ کی فوج نہیں ہے جتنی ہم نے انہیں سیکیورٹی دی، ٹیم کے جاتے وقت بھی انہیں سیکیورٹی دی تاکہ وہ یہ نہ کہیں کہ سیکیورٹی نہیں دی گئی، پاکستان میں اگر کرکٹ نہیں ہو گی توکوئی مر نہیں جائے گا، نیوزی لینڈ ٹیم کو ان کی فوج سے زیادہ سکیورٹی دی تھی۔