شیخ رشید احمد کے خلاف اسلام آباد، مری اور کراچی کے بعد بلوچستان کے ضلع حب میں بھی مقدمہ درج

حب (ویب  نیوز)

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اورسابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے خلاف اسلام آباد، مری اور کراچی کے بعد بلوچستان کے ضلع حب میں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے خلاف نازیبا زبان کے استعمال اور دھمکیاں دینے پر درج کیا گیا ہے۔مقدمہ بیروٹ تھانے میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ بلوچ محلہ، عثمان گوٹھ، ضلع حب کے رہائشی پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اصغر علی ولدعبدالقادر زہری کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ شیخ رشید کے خلاف مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 500،504،153،506اور186جبکہ ٹیلی گراف ایکٹ 1885کی دفعہ 25-Dکے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی اورانہیں دھمکیاں دیں، جس کے نتیجہ میں حب کے علاقہ میں موجود پی پی پی کے ہزاروں کارکنوں میں اشتعال پھیل گیا اورلوگوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر آگئی۔ درخواست گزار نے کہا ہے کہ اس نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر مشتعل افراد کو گھروں کو بھیجا اور پھر پورے ضلع کے پارٹی رہنمائوں نے مشاورت سے فیصلہ کیا کہ ہمیں شیخ رشید کے خلاف لازماً مقدمہ درج کروانا چاہیئے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ شیخ رشید جان بوجھ کر امن وامان کو خراب اور خونریزی کرانے اور اشتعال پھیلانے کی سازش کررہا ہے۔ شیخ رشید کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے قانونی کاروائی کی جائے۔ ZS