اضلاع کو درآمدی چینی کی ترسیل شروع، عام دکانوں ، سہولت و ماڈل بازاروں میں 90روپے فی کلو دستیاب ہوگی
صوبے کے 32ماڈل بازاروں میں ہرقسم کی اشیاء پر 10سے 20فیصد خصوصی ڈسکائونٹ دیاجا رہا ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت
لاہور ( ویب نیوز)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ پنجاب کے اضلاع کو درآمدی چینی کی ترسیل شروع ہوچکی ہے۔درآمدی چینی عام دکانوں ، سہولت و ماڈل بازاروں میں 90روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہوگی۔پنجاب حکومت درآمدی چینی پر 24روپے فی کلوکے حساب سے سبسڈی دے رہی ہے۔یہ بات صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے یہاں جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہی۔صوبائی وزیر نے کہاکہدرآمدی چینی کا فائدہ ہرصورت عام صارف کو پہنچایا جائے گا۔ میاں اسلم اقبال نے کہاکہ ہر ضلع کیلئے درآمدی چینی کا کوٹہ الاٹ کر دیاگیاہے۔لاہور کیلئے درآمدی چینی کا کوٹہ 27ہزار 248میٹرک ٹن ، راولپنڈی کیلئے 13ہزار 238میٹرک ٹن اور فیصل آباد کیلئے 8ہزار52میٹرک ٹن مختص ہے۔درآمدی چینی کی فروخت مقررہ نرخوں پر یقینی بنانے کیلئے ضلع کی سطح پر مانیٹرنگ کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے مزیدکہاکہ صوبے بھر میں قائم 277سہولت بازاروں میں عوام کو اشیائے ضروریہ سستے داموں مل رہی ہیں۔ عشرہ شان رحمت اللعالمینۖ کے دوران صوبے کے 32ماڈل بازاروں میں ہرقسم کی اشیاء پر 10سے 20فیصد خصوصی ڈسکائونٹ دیاجا رہا ہے۔یہ ڈسکائونٹ 12ربیع الاول تک صارفین کو ملتا رہے گا