اطالوی فرنیچر ڈیزائنرز اپنی مہارتوں کے اشتراک اور پاکستان میں فرنیچر ورکرز کو ٹریننگ مہیا کرنے پر تیار
اٹلی میں پاکستان کے اعزازی انویسٹمنٹ قونصلر شہریار خان کی پی ایف سی کے سی ای او میاں کاشف اشفاق سے گفتگو
لاہور (ویب ڈیسک)
اطالوی فرنیچر ڈیزائنرز نے پاکستان کے ساتھ اپنی مہارتوں کا اشتراک کرنے اور فرنیچر ورکرز کو بین الاقوامی معیار پر پورا اترنے میں مدد دینے کیلئے ٹریننگ مہیا کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ یہ بات اٹلی میں پاکستان کے اعزازی انویسٹمنٹ قونصلر شہریار خان نے پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے سی ای او اور سابق چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق سے جمعرات کو میلان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیاں دوطرفہ اقتصادی تعاون کا وسیع دائرہ کار موجود ہے جسے باہمی اشتراک سے مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ شہریار خان نے کہا کہ انہوں نے اٹلی کے سب سے بڑے صنعتی شہر میلان میں اطالوی فرنیچر ڈیزائنرز کے ساتھ تفصیلی اور نتیجہ خیز ملاقاتیں کی ہیں اور وہ مختصر مدت کی تربیت دینے کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے پر بھی تیار ہیں۔ شہریار خان نے یورپی یونین خاص طور پر فرانس اور جرمنی میں نئی منڈیوں کی تلاش کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایشیا پیسیفک ریجن، امریکہ اور کینیڈا میں بھی پاکستان کے ہاتھ سے کندہ فرنیچر کی بہت مانگ ہے۔ انہوں نے اس حوالے سے ڈیل فائنل کرنے کیلئے پی ایف سی کے سربراہ کو اٹلی کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ اس موقع پر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فرنیچر انڈسٹری میں تعاون بین الاقوامی مارکیٹ میں نئے رجحانات کے ساتھ مسابقت اور پاکستانی مصنوعات کے ڈیزائن کو بہتر بنانے پر مثبت اثرات مرتب کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فرنیچر سیکٹرز میں اطالوی ہم منصبوں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کا خیرمقدم کرے گا اور پاکستان فرنیچر کونسل دورہ پر آنے والے اطالوی ٹرینرز کو مفت سفری و رہائشی سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایف سی غیر ملکی تعاون اور ڈیزائن میں جدت کے ساتھ پاکستان میں فرنیچر انڈسٹری کی پروموشن میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ عالمی مارکیٹ میں زیادہ جگہ بنائی جا سکے۔ میاں کاشف نے دورہ کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعاون کے دائرہ کار کا جائزہ لینے کے لیے جلد ہی اٹلی کا دورہ کریں گے اور مفاہمت کی یادداشت کو حتمی شکل دینے کے لیے ملاقاتیں کریں گے.