فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مدمیں بجلی کی قیمت میں 2 روپے 65 پیسے اضافے کی درخواست پر تشویش کا اظہار

 پیٹرولیم ، فیول ایڈ جسٹمنٹ کا جائزہ لینے کا فارمولہ صرف عوام کی آنکھوںمیں دھول جھونکنے کیلئے ہے ‘آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور (ویب ڈیسک)

آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدراشرف بھٹی نے فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں ستمبر کیلئے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 65 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرولیم اور فیول ایڈ جسٹمنٹ کا جائزہ لینے کا فارمولہ صرف عوام کی آنکھوںمیں دھول جھونکنے کیلئے ہے ،یہ عجیب فارمولہ ہے جس میں عوام کو توکوئی ریلیف نہیں ملتالیکن حکومت عوام کی جیبوں سے اربوں روپے نکال لیتی ہے ۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ اب عوام کے صبر کاپیمانہ لبریز ہو گیا ہے اوران کے اندر پکنے والالاواکسی وقت بھی باہر آ سکتاہے جو سب کچھ بہا لے جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ اوگرا کی جانب سے پندرہ روز بعد پیٹرولیم کی قیمتوں میں ردو بدل کی سمری اورسی پی اے کی جانب سے مہینے بعد فیول ایڈ جسٹمنٹ کی بنیاد پر بجلی کا یونٹ مہنگے کرنے کے حوالے سے سماعت کے ذریعے عوام کی آنکھوںمیں دھول جھونکی جاتی ہے حالانکہ قیمتوںمیں اضافے کے حوالے سے سب کچھ پہلے طے کر لیاجاتاہے ۔ مطالبہ ہے کہ ستمبر کیلئے فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں اضافے کی بجائے قیمتوں میں کمی کرکے اسے منجمدکیا جائے