لاہور( ویب نیوز )
انجمن تاجران لاہور کے نائب صدر اور چیئرمین ایونٹ مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین ذیشان علی ہاشمی نے کہا ہے کہ انجمن تاجران لاہور تاجروں کے حقوق کی محافظ ہے۔تاجروں کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کریں گے۔ مظاہرے ہوں یا دھرنے آخری حل ٹیبل ٹاک اور مذاکرات ہی ہیں۔ اس لئے انجمن تاجران نے مذاکرات کا راستہ اختیار کیا ہے تاکہ تاجر برادری کو خوار کرنے کی بجائے ان کے مسائل کا حل کیا جائے۔ اس سلسلے میں ہم نے چیف کمشنر آر ٹی او ناصر اقبال اور لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر نعمان کبیر سے ملاقات کی ہے۔چیف کمشنر آر ٹی او ناصر اقبال نے ہمیں تاجروں کے تمام مسائل حل کروانے کی یقین دہانی کروائی ہے اور کہا ہے کہ صدارتی آڑڈینینس انڈسٹریل میٹر رکھنے والے تاجروں پر لاگو ہوگا۔ چھوٹے تاجر اس میں نہیں آتے۔ بڑے تاجروں نے بھی سیل ٹیکس کی وہی رقم جمع کروانی ہے جو انہوں نے صارفین سے جمع کی ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف کمشنرآر ٹی او ناصر اقبال لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر نعمان کبیر سے ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ساتھ انجمن تاجران لاہور قائداعظم گروپ کے پیڑن انچیف عمران بشیرو دیگر قائدین موجود تھے۔