سری نگر (ویب ڈیسک)
بھارتی فوج نے جنوبی کشمیر اور سری نگر میںحزب المجاہدین ضلع کمانڈر شیراز احمد لون سمیت 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے ۔ کے پی آئی کے مطابق بھارتی فوج نے جمعہ کے روز اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران سرینگر میں ایک کشمیر ی نوجوان کو شہید کر دیا۔فوج نے نوجوان کو سرینگر کے علاقے ہمدانیہ کالونی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے چولگام علاقے میں دو نوجوانوں شیراز احمد لون اور یاور احمد بٹ کو شہید کر دیا گیا ہے ۔ بھارتی فوج کی 9آر آر، ایس اوجی، اوربٹالین18سی آر پی ایف نے جمعرات کو چولگام علاقے کا محاصرہ کیا تھا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے جمعہ کو ا یک ٹویٹ میں کہا ہے کہ چولگام میں حزب المجاہدین ضلع کمانڈر شیراز مولوی اوریاور بٹ ماراگیا ہے ۔ حزب المجاھدین کی طرف سے جاری بیان کے مطابق جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع کے چولگام علاقے میں حزب المجاہدین ضلع کمانڈر شیراز احمد لون عرف ابو حارث ولد عبد الرشید لون ساکنہ شژو کلگام اور یاور احمد بٹ عرف ہارون جہادی ولد عبد الصمد بٹ ساکنہ پونی پورہ کولگام، دادشجاعت دے کر جام شہادت نوش کرگئے۔ کئی گھنٹوں کے اس مقابلے میں کئی بھارتی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔دریں اثنا بھارتی فورسز نے سرینگرکے سرائے بالا اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی تلاشی آپریشن شروع کر دیا ہے۔سرائے بالا اور اس کے ملحقہ علاقوں وبازاروں میں اچانک تلاشی آپریشن شروع کیا۔ پولیس اور سی آر پی ایف اہلکاروں نے لوگوں کو کئی مقامات پر ایک ہی قطار میں کھڑا کرکے ان کے شناختی کارڈ چیک کئے اور ان کی تلاشی لی۔