ای وی ایم کے استعمال سے شفاف انتخابات کے انعقاد میں مدد مل سکے گی،ڈاکٹر عارف علوی
اسلام آباد (ویب ڈیسک)
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے انتخابی اصلاحات بل 2021 پر دستخط کردئیے ہیں ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ای وی ایم کے استعمال سے شفاف انتخابات کے انعقاد میں مدد مل سکے گی ا ور ماضی میں انتخابات میں دھاندلی کے الزامات سے چھٹکارا حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ صدر نے کہاکہ انتخابی اصلاحات کے لئے انتھک کاوشوں پر وزیراعظم عمران خان کو مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعظم عمران خان کی کاوشوں سے دنیائے کرکٹ میں بھی نیوٹرل امپائر متعارف کرائے گئے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے انتخابات کے شفاف انعقاد میں سہولت ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ تمام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائد ہوتے رہے۔ اس مشین کے استعمال پر یہ شکایت دور ہو جائے گی ۔ ای وی ایم مشینوں سے ووٹوں کی چوری جیسے الزامات کا خاتمہ ہوگا۔ اس مشین کے ذریعے ووٹر کو ووٹ دینے میں آسانی رہے گی ۔ 2013 کے انتخابات میں بیلٹ باکس اور پریزائیڈنگ آفیسر غائب ہوتے تھے اب یہ خدشہ نہیں رہے گا ۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کیلکولیٹر کی طرح کام کرتی ہے اس کے نتائج بھی فوری ہوں گے اب ووٹرز کا بیلٹ پیپر ان کے سامنے پرنٹ ہوگا۔ الیکشن کمیشن مشین کا انتخاب کرے گا انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کا بھی اتنا ہی حق ہے جتنا کہ عام پاکستانیوں کا ہے۔