حکومت نے درآمدات کے اعدادوشمار چھپالئے،شہباز شریف

نومبر میں برآمدات 2.90 ارب ڈالر کے مقابلے میں درآمدات پونے 8 ارب ڈالر بتائی جارہی ہیں

 سٹاک ایکسچینج میں 2000 پوائنٹس کا گرنا سرمایہ کاروں کے معاشی پالیسیوں پر عدم اعتماد کا ثبوت ہے،ٹویٹ

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی یو اے ای کے قومی دن پر قیادت اور عوام کو مبارک باد

لاہور  (ویب ڈیسک)

ُپاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ دکھانے والی حکومت نے درآمدات کے اعدادوشمار چھپالئے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز حکومت نے کامیابیوں کے دعوے کئے، آج سٹاک ایکسچینج میں بلڈ باتھ ہوگیا ،سٹاک ایکسچینج میں 2000پوائنٹس کا گرنا سرمایہ کاروں کے معاشی پالیسیوں پر عدم اعتماد کا ثبوت ہے۔برآمدات میں اضافہ دکھانے والی حکومت نے درآمدات کے اعدادوشمار چھپالئے۔نومبر میں برآمدات 2.90ارب ڈالر کے مقابلے میں درآمدات پونے 8ارب ڈالر بتائی جارہی ہیں جو ریکارڈ ہے۔برآمدات میں اضافے کے حکومتی دعوے صیحیح ہیں تو پھر ڈالر کی قیمت کیوں کنٹرول میں نہیں؟۔انہوں نے کہا کہ گھی 10روپے مہنگا ہو کر 360روپے کلو ہوگیا، آٹے، چینی کے بعد گھی مسلسل مہنگا ہو رہا ہے،ایک سال میں بجلی 73روپے، پٹرول41اور ڈیزل 37فیصد مہنگا ہوا،عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں کمی کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں دیا جا رہا۔ایک دوسرے ٹویٹ میں   متحدہ عرب امارات کے پچاسویں قومی دن پر قیادت اور عوام کو مبارک اور نیک تمنائوں کا پیغام دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے پچاس سال کے قلیل عرصے میں ترقی کے حیرت انگیز سنگ میل عبور کئے ہیں ۔یواے ای کی قیادت اور عوام کی مسلسل محنت، توجہ اور لگن سے صحرا ترقی کرتے ہوئے نخلستان میں بدل گیا ۔پاکستان کے عوام کی طرف سے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کو خوشیوں کے اس دن کی تہہ دل سے مبارک دیتے ہیں۔