پاکستان ویسٹ انڈیز ہوم سیریز ‘ 100 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم آنے کی اجازت
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں 13 سے 22 دسمبر تک تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے میچز کھیلیں گی
لاہور( ویب نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کو نیشنل سٹیڈیم میں 100فیصد شائقین لانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین 13 سے 22 دسمبر تک تین ٹی ٹونٹی اور اتنے ہی ون ڈے میچز ہونے ہیں جس کے لیے 100 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم آنے کی اجازت مل گئی ہے ۔ پاکستان نے اس سال 17 ٹی ٹونٹی جیتے ہیں اور آخری 10 مکمل شدہ میچز میں 9 کامیابیوں کیساتھ ویسٹ انڈیز کیخلاف میدان میں اترے گا ۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے T20Iمیچوں کے ٹکٹوں کی قیمتیں 250سے 2000روپے مقرر کی ہیں۔ جنرل انکلوژرز (انتخاب عالم، اقبال قاسم، محمد برادران، نسیم الغنی اور وسیم باری)کی سیٹوں کی قیمت 250روپے ہے۔ فرسٹ کلاس انکلوژرز(آصف اقبال، ماجد خان، قائد، وقار حسن اور ظہیر عباس)کی قیمت 500 روپے ہے۔ پریمیم انکلوژرز (عمران خان اور وسیم اکرم)کی ٹکٹ کی قیمت 1000 روپے رکھی گئی ہے جبکہ وی آئی پی انکلوژرز (فضل محمود، حنیف محمد اور جاوید میانداد)کی ٹکٹوں کی قیمت 2000 روپے رکھی گئی ہے ۔یہ ٹکٹیں آن لائن (www.bookme.pk)، ٹیلی فون پر (0092 313 778 6888) یا باکس آفس اور M&P آئوٹ لیٹس کے ذریعے خریدی جا سکتی ہیں۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق 12 سال سے زائد عمر کے افراد کو مکمل طور پر ویکسین لگوانا ضروری ہے جبکہ 12 سال سے کم عمر کے بچوں کے لیے کسی قسم کی ویکسینیشن کی ضرورت نہیں۔ ٹکٹ، CNIC اور نادرا سے جاری کردہ امیونائزیشن سرٹیفکیٹ دکھا کر میچز دیکھے جاسکیں گے ۔دونوں ٹیمیں 18، 20 اور 22 دسمبر کو تین ون ڈے میچ کھیلیں گی جو آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہے جس کے لیے ٹکٹیں 100 روپے سے شروع ہوں گی اور 1000 روپے تک جائیں گی۔ جنرل انکلوژرز میں سیٹیں 100 روپے، فرسٹ کلاس میں 250 روپے جبکہ پریمیم ٹکٹیں 500 روپے اور وی آئی پی ٹکٹیں 1000 روپے میں دستیاب ہیں۔