لندن (ویب ڈیسک)

برطانیہ میں کوروناوائرس کی نئی قسم اومی کرون کے باعث کیسز میں اضافے پر پلان بی کے نفاذ کا اعلان کیا گیا ۔برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ اومی کرون کیسز کی تعداد سامنے آنے والے کیسز سے کہیں زیادہ ہے۔پرانی پابندیاں پھر نافذ کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ اومی کرون تیزی سے پھیل رہا ہے اور ان کے پاس پلان بی پر جانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے، ویکسین بوسٹر پروگرام بھی  شروع ہو رہا ہے۔ا نہوں نے کہا کہ جن ورکرز کے لیے گھر سے کام کرنا ممکن ہے وہ گھر سے ہی کام کریں۔آج ( جمعہ سے )بیشتر عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی ہوگا۔تھیٹر اور سینما میں بھی ماسک کا استعمال کیا جائے گا۔پابندیوں کے مطابق آئندہ ہفتہ سے نائٹ کلب اور رش والے مقامات پر جانے کیلئے کووڈ پاس دکھانا لازمی ہوگا۔کورونا کے باعث لگائے گئے طویل لاک ڈائون کی بحالی  کے بعد پھر سے نئی اور سخت پابندیوں کو کیفے، ریسٹورنٹس اور دکانوں کے لیے دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ جو کرسمس پر کاروبار کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے پر امید تھے۔