نیویارک (web ڈیسک)

امریکی دوا ساز کمپنی فائزر نے کہا ہے کہ ان کی کورونا ویکسین  کی ایک بوسٹرخوراک کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے خلاف ایک موثردفاع ہے۔کمپنی نے ایک تحقیق کے بعد کہا ہے کہ ویکسین کی تین خوراکیں اومی کرون کے خلاف اتنی ہی اینٹی باڈیز بنانے میں کامیاب ہو ئی ہیں جو دوخوراکیں دیگر کورونا اقسام کے خلاف بناتی ہیں۔اس سے پہلے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے بھی کہا ہے کہ موجودہ ویکسینز اومی کرون کے خلاف موثر ثابت ہوں گی۔فائزر کے چیف ایگزیکٹیو البرٹ بورلا نے ایک بیان میں کہا کہ ویکسین کی تیسری خوراک کے ساتھ اومی کرون قسم کے خلاف تحفظ کو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ کورونا کی نئی قسم سے بچنے کے لیے یہ بہترین راستہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی ویکسینیشن مکمل کی جائے اور کورونا ویکیسن کی دو خوراکوں کے بعد ایک اضافی خوراک دی جائے ۔انہوں نے کہا کہ فائزر اومی کرون پر تحقیقات کے لیے مزید ڈیٹا اکٹھا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ  اومی کرون  کے خلاف ایک مخصوص ویکسین تیار کر رہے ہیں جو 100 دنوں کے اندر ڈیلیوری کے لیے تیار ہو جائے گی، نئی ویکسین کے لیے ریگولیٹری منظوری باقی ہے۔ یاد رہے کہ اومی کرون اب تک پائی جانے والی کورونا وائرس کی سب سے زیادہ تبدیل شدہ قسم ہے۔ دنیا بھر میں محقیقین اس کے پھیلاو اور شدت کو سمجھنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔