سوئی ناردرن گیس ای کچہری کا انعقاد….مینیجنگ ڈائریکٹر علی جے ہمدانی نے صارفین کی شکایات پر فوری ہدایات جاری کیں
لاہور۔(ویب نیوز )
سوئی ناردرن گیس ہیڈ آفس میں گیس صارفین کے لیے ای کچہری منعقد ہوئی جس کے دوران مینیجنگ ڈائریکٹر سوئی ناردرن گیس علی جے ہمدانی نے براہ راست صارفین کی شکایات سُنیں اور ان کے ازالے کے لیے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ ای کچہری کے موقع پر سوئی ناردرن گیس کی سینیئر مینجمنٹ کے علاوہ تمام ریجنل مینیجرز بذریعہ ویڈیو کانفرنس موجود تھے۔
پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں سے صارفین نے کنکشن کے حصول اور بلنگ سے متعلق مختلف شکایات درج کروائیں جن پر متعلقہ ریجنل مینیجرز کو موقع پر ہی ہدایات جاری کی گئیں۔ مینیجنگ ڈائریکٹر علی جے ہمدانی نے صارفین کو شکایات کے فوری ازالے کی یقین دہانی کروائی۔ مزید برآں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے بھی اپنے مسائل کے حل کیلئے ای کچہری میں ایم ڈی سوئی ناردرن کو اپنے مسائل بیان کیئے۔
واضح رہے کہ پرائم منسٹر پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو)کی ہدایات کی روشنی میں ای کچہری کا سلسلہ ایک برس سے زائد عرصے سے جاری ہے جس کے دوران صارفین کی بڑی تعداد نے اس سہولت سے استفادہ کیا۔