کھاد کی مناسب فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں، عمران خان
ملک میں اشیائے ضروریہ کی کوئی کمی نہیں، کھاد کی ذخیرہ اندوزی ربیع سیزن کو متاثر کر سکتی ہے
منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ کوئی نرمی نہ کی جائے، وزیراعظم کا کھاد کی طلب اور رسد کا جائزہ اجلاس سے خطاب
اسلام آباد( ویب نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی ربیع سیزن کے لیے فصل کی پیداوار کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے، منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ کوئی نرمی نہ کی جائے، کھاد کی مناسب فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔وزیراعظم کی زیرصدارت ملک میں کھاد کی طلب اور رسد کا جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران وزیراعظم کو اہم امور بریفنگ دی گئی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے اوسطا 19,000میٹرک ٹن فی دن کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا، انسداد سمگلنگ میں پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں نے یوریا کے 92,845 تھیلے ضبط کیے ہیں۔اس موقع پر عمران خان نے کہاکہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی ربیع سیزن کے لیے فصل کی پیداوار کو بری طرح متاثر کر سکتی ہے، کسانوں کے لیے کھاد کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، پی ٹی آئی کی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار کسان دوست پالیسیاں متعارف کرائی ہیں، کسان پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، یوریا کی قلت سے متعلق افواہوں کو دور کرنے کے لیے موثر عوامی آگاہی مہم چلائی جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے ساتھ کوئی نرمی نہ کی جائے، کھاد کی مناسب فراہمی کے لیے انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، ملک میں اشیائے ضروریہ کی کوئی کمی نہیں ہے۔