وزیراعظم عمران خان کا جلد قوم سے خطاب کا امکان
اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے یوکرین روس جنگ کے ممکنہ اثرات سے متعلق قوم کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کے لئے اپنے رفقا سے مشاورت کی ہے، باہمی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم عمران خان قوم سے خطاب کرینگے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا قوم سے خطاب کا حتمی تعین ابھی نہیں کیا گیا ہے تاہم امکان ہے کہ آج رات یا کل تک وزیراعظم قوم سے مخاطب ہونگے۔ذرائع کے مطابق یوکرین روس جنگ کے باعث گذشتہ ایک ہفتے کے دوران عالمی سطح پر پیٹرول اور گندم کی قیمتوں میں 12 سے 15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے باعث دنیا بھر میں مہنگائی کا نیا طوفان آنے کا امکان ہے، یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان اس جنگ کے ممکنہ اثرات پر قوم کو آگاہ کرینگے۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی از سر نو تشکیل دیدی گئی، 33 ممبران کے ناموں کی حتمی منظوری دیدی گئی۔سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف اسد عمر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم عمران خان بطورِ چئیرمین پی ٹی آئی کور کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق شاہ محمود، اسد عمر، فواد چودھری، پرویز خٹک، شفقت محمود، خسرو بختیار، عمران اسماعیل، اسد قیصر، قاسم خان سوری، علی امید گنڈاپور، علی زیدی، حماد اظہر، محمود خان، شیریں مزاری، عثمان بزدار، سیف اللہ نیازی بھی کمیٹی کا حصہ ہونگے۔نوٹیفکیشن کے مطابق چودھری سرور، اعجاز چودھری، مراد سعید، محمود الرشید، غلام سرور خان، عامر ڈوگر، اعظم سواتی، عاطف خان، فضل خان، شاہ فرمان، ارباب غلام رحیم، حلیم عادل شیخ، بابر اعوان، فردوس شمیم نقوی کے نام بھی شامل ہیں۔