کراچی :صحافی اطہر متین قتل کیس کا مرکزی ملزم گرفتار ،سعید غنی نے تصدیق کردی

 جدیدٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے سندھ بلوچستان بارڈر کے قریب کارروائی کے دوران اشرف کو حراست میں لیا گیا

 ملزم کیخلاف 4 مقدمات کراچی کے مختلف تھانوں میں درج ہیں، ملزم اشرف کو کراچی میں پہلے بھی گرفتار کیا جاچکا ہے،پولیس ذرائع

اطہر متین کے قتل میں ملوث ملزم اشرف بنگلزئی کو گرفتار کیا ہے، قاتل کو قانون کے مطابق سزا بھی دلوائی جائیگی،وزیراطلاعات سندھ

کراچی (ویب  نیوز)

صحافی اطہر متین قتل کیس کے ایک مرکزی ملزم کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ملزم کی گرفتاری سندھ بلوچستان بارڈر کے قریب سے عمل میں لائی گئی ہے۔وزیراطلاعات سندھ سعید غنی اور کراچی پولیس نے چیف ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے ۔ ملزم کیخلاف 4 مقدمات کراچی کے مختلف تھانوں میں درج ہیں، ملزم اشرف کو کراچی میں پہلے بھی گرفتار کیا جاچکا ہے۔تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے تعلق رکھنے والے صحافی اطہر متین قتل کیس میں بڑی پیش رفت سامنے آگئی، پولیس نے اہم ملزم اشرف کو گرفتار کرلیا ہے۔

کارروائی سندھ بلوچستان بارڈر کے قریب کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جدیدٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے کارروائی کی گئی، ملزم کو تحقیقات کے لئے کراچی منتقل کیا جارہا ہے جہاں متعلقہ افسران ملزم سے تفتیش کریں گے۔ذرائع کے مطابق ملزم کیخلاف 4 مقدمات کراچی کے مختلف تھانوں میں درج ہیں، ملزم اشرف کو کراچی میں پہلے بھی گرفتار کیا جاچکا ہے۔پولیس کے مطابق اشرف اور اس کے ساتھی کراچی میں موٹر سائیکلیں چوری اور چھینے کی وارداتیں کرتے تھے اور بعد ازاں بلوچستان میں فروخت کرتے تھے، سرجانی ٹان ،بریگیڈ ،نیوٹان اور بہادر آباد پولیس پہلے اشرف کو گرفتار کرچکی ہے۔پولیس چیف غلام نبی نے بتایا کہ ملزم کا تعلق بلوچستان کے علاقے خضدار سے ہے۔ قاتل کو حب بارڈر کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزم سی سی ٹی وی فوٹیج میں آگے دکھائی دیا جانے والا ہے، گرفتار ملزم نے اطہر متین پر گولی چلائی تھی۔اپنے بیان میں پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کا تعلق موٹڑ سائیکل چھیننے والے گینگ سے ہے، جو 10 سے 12 افراد پر مشتمل ہے۔ یہ گینگ نئی موٹر سائیکلوں کو لوگوں سے چھین کر بیچتا تھا۔انہوں نے بتایا ہے کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے، اس سلسلے میں مزید تفصیلات جلد میڈیا سے شیئر کی جائیں گی۔وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے بھی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہید اطہر متین کے قتل میں ملوث ملزم اشرف بنگلزئی کو سندھ پولیس نے گرفتار کیا ہے، انشا اللہ قاتل کو قانون کے مطابق سزا بھی دلوائی جائیگی۔صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کیس میں پولیس کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ اس کارروائی سے سندھ پولیس پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔شہید صحافی اطہر متین کے بھائی طارق متین نے اس ضمن میں کہا کہ  مجھے بتایا گیا کہ اطہر متین کے قاتل کو گرفتارکرلیا ہے، سعید غنی نے ٹویٹ بھی کی ہے، میں نے ان سے وعدہ کیا تھا جیسے آپ کے خلاف مظاہرہ کر رہے ہیں، اگر آپ نے قاتلوں کو گرفتار کیا تو اظہار تشکر بھی کریں گے۔طارق متین کا مزید کہنا تھا کہ حکام کی جانب سے اطلاعات ملی تھیں۔ ہم سے جو معلومات شیئر کی جارہی تھیں یہ گرفتاری اس کی تصدیق ہے۔واضح رہے کہ 18 فروری بروز جمعہ کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی کے قریب گاڑی پر فائرنگ سے سینئر صحافی اطہر متین جاں بحق ہوگئے تھے۔الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر یہ خبریں 3 روز سے گردش کر رہی تھیں کہ اطہر متین کے ایک قاتل کو بلوچستان کے علاقے خضدار سے حراست میں لیا گیا ہے۔