وفاقی وزیر داخلہ کا راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ ،پاک،آسٹریلیا ٹیموں کے پریکٹس سیشن کو دیکھا
سی ڈی اے جلد سٹیڈیم اور فائیو اسٹار ہوٹل حوالے سے ٹھیکہ جاری کرے گی، وفاقی وزیر داخلہ کی دورے پرگفتگو
راولپنڈی (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، وزیرداخلہ نے اسٹیڈیم کے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا، وزیرداخلہ نے اسٹیڈیم میں پاک،آسٹریلیا ٹیموں کے پریکٹس سیشن کو بھی دیکھا۔شیخ رشید نے کہا کہ بھارت نیوزی لینڈ کی طرح اس دورے کو بھی ناکام بنانا چاہتا ہے لیکن اس بار ایسا نہیں ہونے دینگے ۔مہمان ٹیم کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائیگی۔وفاقی وزیر داخلہ نے پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریز کے حوالے سے تیاریوں اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کا پاکستان آنا اعزاز کی بات ہے، مہمان ٹیم کی سکیورٹی کے حوالے سے کوئی کوتاہی نہیں کی جائیگی۔ وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں کرکٹ سٹیڈیم اور فائیو اسٹار ہوٹل بنانے کی ہدایت کی ہے، سی ڈی اے جلد اس حوالے سے ٹھیکہ جاری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلے نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران سازش کی، اب آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے اہلخانہ کو دھمکیاں دی جارہی ہیں، بھارتی سازشوں کامیاب نہیں ہونے دینگے۔