روس یوکرین تنازع پر پاکستان غیر جانبدار ہے، پاکستان امن چاہتا ہے، جب جنگ ہوتی ہے تو نقصان سب کا ہوتا ہے
اس وقت اللہ کے فضل وکرم سے ہماری آزاد خارجہ پالیسی ہے، ہمارے امریکا کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں
روس اور یوکرین کے معاملے پر ہم سمجھتے ہیں کہ سفارت کاری کو ترجیح دی جائے، گفت و شنید سے مسئلہ حل کیا جائے
روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوگیا ، امید ہے بات چیت کا نتیجہ بھی اچھا ہی نکلے گا،میڈیا سے گفتگو
لاڑکانہ (ویب ڈیسک)
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کوئی بھی باضمیرایم این اے عمران خان کونہیں چھوڑے گا، ہم حساب دینے کو تیار ہیں شرط ہے زرداری اوربلاول 15 سال کا حساب دیں ،روس یوکرین تنازع میں پاکستان غیر جانبدار ہے، اس وقت اللہ کے فضل وکرم سے ہماری آزاد خارجہ پالیسی ہے، ہمارے امریکا کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں۔
لاڑکانہ میں تحریک انصاف کے رہنمائوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا میں لاڑکانہ کادل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں، کل رات جو میری آنکھوں نیدیکھاحیران کن تھا، میں لاڑکانہ کے مزاج کوسمجھتاہوں، رتوڈیروسے سجاول،لاڑکانہ میں جگہ جگہ لوگوں نے عزت دی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف آپ کاجتناشکریہ ادا کرے کم ہے، میں منتظمین کوخراج تحسین پیش کرناچاہتاہوں، سب نے لاڑکانہ کی تاریخ کافقیدالمثال جلسہ کیا لیکن مجھے ایک چھوٹاپن دکھائی دیا، منتظمین کی سیاسی پختگی تھی کہ بدمزگی نہیں ہوئی ، جناح پارک کے گٹرکھول دینا جلسہ گاہ میں پانی چھوڑنا کہاں کی شرافت ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پہلے جگہ نہیں دے رہے تھے پھرگنداپانی چھوڑدیا، یہ وہ روایات ہیں جوشکستہ ذہنیت کی عکاسی کرتاہے، تحریک انصاف نے لاڑکانہ میں بڑا جلسہ کیا، گزشتہ روزدیکھا لاڑکانہ میں پیپلزپارٹی سے زیادہ پی ٹی آئی کے جھنڈے لگے تھے، جیسے جیسے شعور بڑھے گا ، ویسے ویسے سندھ میں تبدیلی آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے کہنے پر علی زیدی نے بروقت فیصلہ کیا،عوامی رابطہ مہم کی، عوامی مہم کی پہلی کڑی میں ہم نے27 اضلاع جا رہے ہیں، اس کے بعد ہم اگلی رابطہ مہم کا بھی اعلان کریں گے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے دیکھا سرکاری وسائل پر بلاول بھٹومارچ کررہے ہیں ، کارکنان کی قیمت لگی ہوئی ہے اورمارچ ہو رہا ہے، کہتے ہیں عمران خان سے حساب لینے جارہے ہیں، سیاست میں توحساب کتاب ہوتاہے ضرورلیں، آپ ساڑھے3سال کاحساب مانگ رہے ہو، ابھی ڈیڑھ سال رہتا ہے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم حساب دینے کوتیارہیں شرط ہے زرداری اوربلاول 15سال کاحساب دیں، فیصلہ عوام پرچھوڑدیں وہ ترازومیں رکھ کرتولیں گے ، لوگ فیصلہ کرینگے عمران خان نے کیاکیااورپیپلزپارٹی نے کیاکیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ تھرپارکرمیں پینے کے صاف پانی کیلئے بچے بلک رہے ہیں، یہاں آنے سے پہلے400گوٹھ میں خان صاحب کی ہدایت پر پانی منظور کرایا، تھر پارکر کے ہر بچے،بزرگ کومفت صحت سہولت دیناچاہتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں مخلوط حکومت ہے، وہ بھی صحت کارڈپرتیارہوگئی، سندھیوں کو تو صحت کارڈ کا فائدہ نظر آتا ہے، سندھ حکومت کوکیوں نہیں ، ہم یہاں بات کرنے آئے ہیں تصادم کرنے نہیں آئے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ 2023میں سندھ کا نوجوان خاموشی سے تبدیلی کافیصلہ کرچکا ہے، سندھ کا نوجوان پی ٹی آئی کی طرف دیکھ رہا ہے متبادل کی تلاش میں ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ جب جنگ ہوتی ہے تو نقصان سب کا ہوتا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم 20سال جنگ کی کیفیت میں رہے ہیں، ہمارے 80 ہزار افراد جاں بحق ہوئے، ہماری معیشت کو بے پناہ دھچکا لگا، ہمیں 180 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔انہوںنے کہا کہ روس اور یوکرین کے معاملے پر ہم سمجھتے ہیں کہ سفارت کاری کو ترجیح دی جائے، گفت و شنید سے مسئلہ حل کیا جائے، ایک ایسا راستہ تلاش کیا جائے جس سے امن ہو۔ پاکستان نے اپنے آپ کو غیر جانبدار رکھا ہے، ہم خیر سگالی اور امن کی بات کرتے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کا آغاز ہوگیا ہے، وہ امید کرتے ہیں کہ اس بات چیت کا نتیجہ بھی اچھا ہی نکلے گا۔خارجہ پالیسی سے متعلق وزیر خارجہ نے بتایا کہ اس وقت اللہ کے فضل وکرم سے ہماری آزاد خارجہ پالیسی ہے، ہمارے امریکا کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں، امریکاکے ترجمان نے کہا پاکستان ہمارااسٹریٹجک پارٹنر ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان دورے پر چین گئے تاریخی میٹنگ ہوئی، روسی صدرنے عمران خان سے ون آن ون ساڑھے 3 گھنٹے بات چیت کی، وزیراعظم عمران خان کو 23 سال بعد روس نے دعوت دی۔