ارکان کسی بھی پارلیمانی میٹنگ میں شریک نہیں ہوں گے
لاہور (ویب ڈیسک)
ترین گروپ نے پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی ا اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا۔ وزیراعظم عمران خان پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے ،ترین گروپ نے عثمان بزدار کی موجودگی تک کسی بھی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ارکان کسی بھی پارلیمانی میٹنگ میں شریک نہیں ہوں گے۔ ارکان ترین گروپ کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار کسی صورت وزیر اعلی قبول نہیں۔ علاوہ ازیں جہانگیر ترین گروپ میں شامل 4 صوبائی وزرا نے گروپ سے علیحدگی کا اعلان کردیا،علیم خان سے ملاقات کرنے والے وزیر پنجاب بہبود آبادی کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے وزیر اعظم سے ملاقات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان میرے لیڈر ہیں، ان کی سربراہی میں پارلیمانی اجلاس میں شرکت کروں گا، ترین گروپ سے استدعا ہے کہ اجلاس کا بائیکاٹ مت کریں۔صوبائی وزیر صمصام بخاری نے بھی ترین گروپ میں شامل نہ ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترین گروپ کے رکن نعمان لنگڑیال میرے چھوٹے بھائی کی طرح ہیں، ان سے ملاقات ذاتی حیثیت میں کی کیوں کہ نعمان کے ساتھ ذاتی تعلقات ہیں، اس ملاقات کا سیاسی معاملات سے کوئی تعلق نہیں تھا، ذاتی اور سیاسی تعلقات الگ الگ ہوتے ہیں، ترین گروپ کے ہونے والے کسی بھی اجلاس میں کبھی شرکت نہیں کی، عمران خان کے ساتھ ڈٹ کرکھڑا ہو ں،تین روز قبل ترین گروپ میں شمولیت اختیار کرنے والے صوبائی وزیر آصف نکئی نے بھی بائیکاٹ کا فیصلہ مسترد کردیا، اورکہا کہ سو فیصد عمران خان کے ساتھ ہوں، میں ترین گروپ کے اجلاس میں ان کو سمجھانے کے لئے گیا تھا، میں نے ان کو سمجھایا کہ وزیراعظم سے بیٹھ کربات کریں، پہلے ترین گروپ کے ارکان نے مجھ سے اتفاق کیا لیکن اب ملاقات کا بائیکاٹ کردیا۔دوسری جانب عبدالعلیم خان نے صوبائی وزیر میاں خالد محمود کو اپنا ترجمان مقرر کر دیا ہے۔ نومنتخب ترجمان خالد محمود نے بتایا کہ پنجاب کے کسی رکن اسمبلی کو وزیر اعظم کے اجلاس میں جانے سے نہیں روکا، بلکہ وزیر اعظم کے اجلاس میں شرکت کرنے والے عبدالعلیم خان سے اجازت لے کر جا رہے ہیں، اس اجلاس کے بعد باہم مشاورت سے اگلا لائحہ عمل طے کریں گے، 40 اراکین پنجاب اسمبلی سے عبدالعلیم خان کی ملاقات ہوئی وہ سب آج کے اجلاس میں جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ ڈاکٹر اختر ملک بھی ترین گروپ چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں، اور انہوں نے وزیراعلی عثمان بزدار سے ملاقات بھی کی ہے۔