چیف سلیکٹر پاکستان کرکٹ بورڈ کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ
ملک میں کرکٹ کو فروغ دینے میں بزنس کمیونٹی پی سی بی کے ساتھ تعاون کرے۔ محمد وسیم
حکومت سپورٹس انڈسٹری کو ترقی دے کر معیشت کو بہتر کر سکتی ہے۔ محمد شکیل منیر
اسلام آباد (ویب نیوز )
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے جو قابل ستائش ہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ تاجروصنعتکار آگے بڑھ کر کلبوں، سکولوں اور علاقائی کرکٹ کی سرپرستی کر یں کیونکہ ان کا تعاون نئے ٹیلنٹ کو آگے لانے اور ملک میں کرکٹ کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہو گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
محمد وسیم نے کہا کہ کرکٹ سمیت کسی بھی کھیل کے فروغ کے لیے فنانس کلیدی حیثیت رکھتا ہے لہذا کھیلوں کی سرپرستی کر کے نئے کھلاڑیوں کو پروموٹ کر نے میں کاروباری برادری کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے لیے کاروباری برادری کے تعاون کی اہمیت کو محسوس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ان تک پہنچنا شروع کر دیا ہے تاکہ وہ ملک میں کرکٹ کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ اب پاکستان میں واپس آچکی ہے اور اس سال کا کیلنڈر پہلے ہی پوری طرح سے بھرا ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی کے اراکین کو کرکٹ میچوں میں مدعو کیا جائے گا تاکہ وہ کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے کردار ادا کر سکیں۔
اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے کہا کہ کھیلوں کی گلوبل انڈسٹری کی مالیت چار سو ارب ڈالر سے زائد ہے لہذا پاکستان کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کو فروغ دے کر اپنی معیشت میں نمایاں بہتری لا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے کاروباری اداروں کی بقا اور ترقی کا انحصار کھیلوں کی صنعت پر ہے لہذا کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے فروغ سے صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے رمیز راجہ، چیئرمین پی سی بی اور محمد وسیم چیف سلیکٹر پی سی بی کی شاندار کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ صحت مند جسم سے صحت مند دماغ فروغ پاتا ہے اسی لئے آئی سی سی آئی نے کاروباری برادری میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ایک سپورٹس کمیٹی تشکیل دی ہوئی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آئی سی سی آئی خطے میں کرکٹ کو مزید فروغ دینے میں پی سی بی کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔
جمشید اختر شیخ سینئر نائب صدر، محمد فہیم خان نائب صدر آئی سی سی آئی، اشعر حفیظ کنوینر آئی سی سی آئی اسپورٹس کمیٹی، محمد نوید ملک سابق سینئر نائب صدر اور دیگر نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور خطے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے آئی سی سی آئی اور پی سی بی کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔