وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ ملاقات
و طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال
دونوں وزرائے خارجہ کا اہم علاقائی و عالمی امور پر مشاورت کا سلسلہ برقرار رکھنے پر اتفاق
شاہ محمود قریشی کی قازقستان کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات، تجارت، معیشت، روابط کے فروغ ، سلامتی اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا گیا
اسلا م آباد(ویب نیوز)او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ ملاقات کی ،اس موقع پرپاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی بھی موجود تھے،دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کو پاکستان تشریف آوری پر خوش آمدید کہا،وزیر خارجہ نے خطے میں امن اور ترقی کیلئے سعودی عرب کی قیادت اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی کوششوں کو سراہا ،۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے،پاکستان نے سعودی عرب کی سرزمین پر حوثیوں کے جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں کی ہمیشہ مذمت کی ہے۔ انہو ں نے کہاکہ اہم مسلم مقاصد، خاص طور پر کشمیر، فلسطین، اور افغانستان کے لیے سعودی عرب کی گہری وابستگی قابل تحسین ہے،وزیر خارجہ نے سعودی عرب کی طرف سے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی بھرپور معاونت پر وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا،قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان ریاض میں ورلڈ ایکسپو 2030 کی میزبانی کے لیے برادر مملکت سعودی عرب کی امیدواری کا خیرمقدم کرتا ہے۔ پاکستان، سعودی عرب کے کامیاب انتخابات کا متمنی ہے۔وزیر خارجہ نے بین الاقوامی سطح پر درپیش نئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین قریبی اور گہرے تعاون کی ضرورت پر زور دیا انہوں نے کہاکہ پاکستان، امن کاوشوں میں شراکت داری کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی کامیاب میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستانی قیادت کو مبارکباد پیش کی،دونوں وزرائے خارجہ نے اہم علاقائی و عالمی امور پر مشاورت کا سلسلہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے آج اسلام آباد میں او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے موقع پر قازقستان کے وزیر خارجہ مختار تلیبردی سے دو طرفہ ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے پاکستان تشریف آوری اور او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس میں شرکت پر قازق ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے اس دورہ سے پاکستان اور قازقستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، وزیر خارجہ نے علاقائی امن و سلامتی میں قازقستان کے مثبت کردار کی تعریف کی،دونوں وزرائے خارجہ نے تجارت، معیشت، روابط کے فروغ ، سلامتی اور دفاع کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا،دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور قازقستان کے مابین دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اطمینان کا اظہار کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں، وزیر خارجہ نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 30ویں سالگرہ پر اپنے ہم منصب کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ دونوں جانب سے اس موقع کو خوش اسلوبی کیساتھ منایا جائے گا۔وزیر خارجہ نے تجارت اور عوامی رابطوں کو بڑھانے کے لیے پاکستانی بندرگاہوں سے مستفید ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان موجود ادارہ جاتی میکانزم کو دوبارہ متحرک اور فعال بنانے پر بھی زور دیا،دونوں وزرائے خارجہ نے اقوام متحدہ، او آئی سی، ایس سی او اور ای سی او جیسے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان عوامی روابط کے فروغ کیلئے ڈائریکٹ فلائیٹس کے اجرا پر اتفاق کیا،قازق وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو پچھترویں یوم پاکستان کی مبارک باد دی۔