اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی آرمی چیف سے ملاقات ہوئی ہے، عمران خان سے استعفی مانگا نہ ہی وہ دیں گے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر اطلاعات نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔فواد چودھری نے کہا کہ وفاقی کابینہ اجلاس میں خط رکھا گیا تھا، خط کے مندرجات صحافیوں کے ساتھ شیئر کیے گئے ہیں، خط کو پارلیمان میں ان کیمرہ اجلاس میں لائیں گے، خط کل پارلیمان میں رکھیں گے، عمران خان ملک اور قوم کے لیے لڑیں گے، کسی نے استعفی مانگا اور نہ ہی وہ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی خود مختاری کے لیے لڑے گا، آگے جو ایونٹس ہوں گے اس میں اسی کا نقصان ہو گا جو سندھ ہاوس میں بیٹھیں گے۔ جب گیم پلٹے گی تو سارے دیکھیں گے، اس وقت صورتحال 1992 کے ورلڈ کپ جیسی ہے، لگ رہا ہے کہ ہم پیچھے ہیں لیکن ہم پیچھے نہیں ہیں۔صحافی کی طرف سے سوال پوچھا گیا کہ کیا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور عمران خان کی ملاقات ہوئی ہے، اس پر وفاقی وزیر اطلاعات نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ سپہ سالار کی وزیراعظم سے دو بار ملاقات ہوئی ہے۔ پاک فوج پاکستان کے استحکام کی ضامن ہے، نوازشریف اداروں کو فتح کرنے کی چکر میں رہتے تھے،انہوں نے کہاکہ عمران خان تمام اداروں کیساتھ ہیں اور وہ پاکستان کی حرمت اورقوم کی عزت کیلئے لڑیں گے،فواد چوہدری نے کہا کہ آج صبح سے بہت سی چیزیں سامنے آرہی ہیں، پہلے خط پر کابینہ کا خصوصی اجلاس بلایا گیا، ہم نے خط کے مندرجات کو صحافیوں کیساتھ شیئر کیا، اس خط کو پارلیمان کے سامنے ان کیمرہ اجلاس میں رکھ رہے ہیں جس میں مراسلے کے مندرجات پیش کرینگے، ہم خط کے مندرجات اپوزیشن کیساتھ بھی شیئر کرسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس خط میں موجود دھمکیاں کسی ملک کیلئے قابل قبول نہیں، کل ہم کہہ چکے ہیں کہ ہم یہ خط سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کو بھی دکھا سکتے ہیں۔