وزیر اعظم نے کمیٹی سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی، دو منزلہ بیرکوں والی اس جیل میں 2 ہزار قیدیوں کو رکھا جائے گا

اسلام آباد (وقب نیوز)

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں 10 سال سے زیر تعمیرجدید جیل کے التواء کا نوٹس لیتے اگلے مالی سال میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا،وزیراعظم نے جیل منصوبے کے جائزے کے لئے 6 رکنی کمیٹی بنا دی، سیکرٹری ٹو وزیراعظم ڈاکٹر توقیر شاہ کی طرف سے جاری حکمنامہ کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثنااللہ خاں کمیٹی کے سربراہ ہونگے، کمیٹی کے ارکان میں داخلہ، ہائوسنگ، منصوبہ بندی کی وزارتوں کے سیکریٹری، چیف کمشنر اسلام آباد اور چئیرمن سی ڈی اے شامل ہیں،وزیر اعظم نے کمیٹی سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی،وزیراعظم نے اسلام آباد ماڈل جیل کمپلیکس کا سالوں سے زیر التوا منصوبہ ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے،جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق وزیراعظم نے جیل اگلے مالی سال میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا،اسلام آباد جیل کمپلیکس کو دنیا کی جدید جیلوں کی طرز پر تعمیر کیا جارہا ہے،موٹر وے کے قریب سیکٹر ایچ 16میں90ایکڑ پر محیط یہ جدید جیل تعمیر ہو رہی ہے،دو منزلہ بیرکوں والی اس جیل میں 2 ہزار قیدیوں کو رکھا جائے گا،سکول، مساجد، ٹریننگ سینٹر، کھیل کے میدان، آئی سی ٹی کی عدالتیں بھی اس جیل کمپلیکس کا حصہ ہیں،جیل حکام کی تربیت کا مرکز بھی منصوبے کا حصہ ہے ،جدید ترین عالمی معیار اور سہولیات کی حامل اسلام آباد جیل کی تعمیر فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے مکمل نہیں ہو سکی،عمارت کی تعمیر نہ ہونے سے اسلام آباد کے قیدیوں کو گزشتہ 6 دہائیوں سے اڈیالہ جیل میں رکھا جارہا ہے۔