حکومت کاعمران خان سمیت پی ٹی آئی عہدیداروں کے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا فیصلہ
اسد قیصر،شاہ فرمان،عمران اسماعیل،جہانگیر رحمان ، خالد مسعود،احد رشید، سیما ضیا،نجیب ہارون ودیگر پر بیرون ملک سفر پرپابندی لگائی جائے گی
اسلام آباد( ویب نیوز)
حکومت نے عمران خان سمیت پی ٹی آئی عہدیداروں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔اسد قیصر،شاہ فرمان،عمران اسماعیل،جہانگیر رحمان ، خالد مسعود،احد رشید، سیما ضیا،نجیب ہارون ودیگر پر بیرون ملک سفر پرپابندی لگائی جائے گی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تحریک انصاف پر ممنوعہ فنڈنگ ثابت ہونے کا فیصلہ سنا دیا گیا ہے جس کے بعد حکومت نے ایکشن میں آ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ نے اس فیصلے کے تناظر میں پاکستان تحریک انصاف کے پارٹی عہدے داروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔حکومت نے بیرون ملک جانے سے روکنے کیلئے تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان، سابق گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان ، سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے سابق چیئرمین ذوالقرنین کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔حکومت کی جانب سے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، احد رشید، ثمر علی خان، سیما ضیا ، نجیب ہارون کے نام شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جہانگیر رحمان ، خالد مسعود اور ظفراللہ خٹک بھی نام ای سی ایل میں آنے کے بعد بیرون ملک نہیں جاسکیں گے۔